عمران خان کا ذکر کرتے ہوئے جاوید میانداد آبدیدہ،معاملات بات چیت سے حل کرنے کی اپیل
سب پاکستانی ہیں، اس لیے اختلافات کو غیر ضروری طور پر طول دینے کے بجائے فریقین کو مل بیٹھ کر مسئلے کا حل تلاش کرنا چاہیے۔
فائل فوٹو
پاکستان کے سابق کپتان اور معروف بلے باز جاوید میانداد عمران خان کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے جذباتی ہوگئے اور آبدیدہ نظر آئے۔
ایک انٹرویو کے دوران جاوید میانداد نے عمران خان کے ساتھ اپنی طویل رفاقت اور کرکٹ کے میدان میں گزرے وقت کو یاد کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ موجودہ معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی جائے۔
سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ سب پاکستانی ہیں، اس لیے اختلافات کو غیر ضروری طور پر طول دینے کے بجائے فریقین کو مل بیٹھ کر مسئلے کا حل تلاش کرنا چاہیے۔
لیجنڈ کرکٹر جاوید میانداد عمران خان کا تذکرہ کرتے ہوئے اپنے جذبات پر قابو نہ کرسکے اور رو پڑے کہ عمران خان ایک ایماندار آدمی ہے اس کے ساتھ ایسا سلوک نہیں ہونا چاہیے۔ pic.twitter.com/1pOVjEMpDi
— Zahid Khan official (@zahidkhanhelper) August 29, 2026
عمران خان کے ساتھ اپنی دوستی اور کھیل کے دنوں کا ذکر کرتے ہوئے جاوید میانداد جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بھی کسی کا بیٹا ہے اور انہیں اکثر یہ خیال آتا ہے کہ وہ کس صورتحال سے گزر رہے ہوں گے۔
جاوید میانداد نے بتایا کہ ان کی اور عمران خان کی رفاقت کئی دہائیوں پر محیط رہی۔ دونوں نے انگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ کھیلی اور ایک طویل عرصے تک پاکستان کی نمائندگی بھی کی۔
سابق کپتان نے کہا کہ ان کے لیے عمران خان کے ساتھ گزرے ہوئے کرکٹ کے دن اور ذاتی تعلق ہمیشہ اہم رہیں گے، اسی لیے وہ چاہتے ہیں کہ موجودہ معاملات کو کشیدگی کے بجائے بات چیت اور افہام و تفہیم کے ذریعے حل کیا جائے۔