مانسہرہ میں آئرش سیاح الیگزنڈر مارک لاپتہ،پولیس اور ریسکیو سرچ آپریشن جاری

دونوں سیاحوں کے درمیان پہلے پہنچنے کی ریس کےدوران الیگزنڈر مارک اپنے ساتھی سے لاپتہ ہوگیا

August 31, 2026 · قومی

فائل فوٹو

سرن ویلی کی بلند ترین چوٹی کوہِ موسیٰ دا مصلیٰ ٹاپ سے واپسی کے دوران غیر ملکی آئرش سیاح الیگزنڈر مارک اچانک لاپتہ ہوگیا، جس کی تلاش کے لیے پولیس اور ریسکیو اداروں نے سرچ آپریشن شروع کردیا۔

 تفصیلات کے مطابق دو غیر ملکی آئرش سیاح کوہِ موسیٰ دا مصلیٰ ٹاپ سر کرنے کے لیے گئے ہوئے تھے۔ تاہم واپسی کے دوران دونوں سیاحوں کے درمیان پہلے پہنچنے کی ریس کے دوران الیگزنڈر مارک اپنے ساتھی سے جدا ہوگیا اور تاحال اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس اور ریسکیو اداروں نے فوری طور پر تلاش کا سلسلہ شروع کر دیا۔ ڈی پی او مانسہرہ اظہر خان کی ہدایت پر ڈی ایس پی شنکیاری راجہ ممتاز ترک اور ایس پی مانسہرہ شاہ نواز خان سرچ آپریشن کی نگرانی کے لیے علاقے پہنچ گئے۔
ایس ایچ او تھانہ نوازآباد ملک مسکین پولیس نفری اور ریسکیو ٹیموں کے ہمراہ کوہِ موسیٰ دا مصلیٰ کے دشوار گزار جنگلات اور پہاڑی علاقوں میں لاپتہ غیر ملکی سیاح کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب بالاکوٹ پولیس کی جانب سے بھی اپنے علاقے میں تلاش کا عمل جاری ہے۔
دشوار گزار پہاڑی راستوں، گھنے جنگلات اورموسمی حالات کے باعث سرچ ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
آخری اطلاعات موصول ہونے تک لاپتہ سیاح کے حوالے سے کوئی مصدقہ اطلاع یا حتمی پیش رفت سامنے نہیں آسکی۔
پولیس اور ریسکیو ٹیمیں مختلف ممکنہ راستوں اور مقامات پرسرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں ۔جبکہ انتظامیہ کی جانب سے بھی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔