عمران خان بانی ایم کیو ایم کی سیاست سے بھی 100 فیصد آگے نکل گئے،فیصل واوڈا
سینیٹر فیصل واوڈا کا سیاسی صورتحال، گورنر راج، ایمرجنسی اور حکومتی کارکردگی پر اظہارِ خیال
فائل فوٹو
سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان، بانی متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی سیاست سے بھی 100 فیصد آگے نکل گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ 90 یا 180 دنوں میں گورنر راج اور ایمرجنسی ختم ہوتے نہیں دیکھ رہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام جرگہ میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ اس وقت کسی سیاسی جماعت کے پاس پولیٹیکل کیپیٹل نہیں ہے۔ تھوڑا یا زیادہ، اب ملک میں ہر کسی کو کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے وزیراعظم کی موجودہ کارکردگی کو سراہا۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ یہ پارٹ ون ہے، پارٹ ٹو اور تھری بھی آئے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں مزید گورنر راج، مارشل لا یا صدارتی نظام آتا نظر نہیں آرہا۔
ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کو اگر کچھ تحفظات ہیں تو حکومت کو چاہیے کہ وہ انہیں دور کرے۔ فیصل واوڈا نے ایک بار پھر کہا کہ وہ 90 یا 180 دنوں میں گورنر راج اور ایمرجنسی ختم ہوتے نہیں دیکھ رہے۔
سینیٹر فیصل واوڈا کے مطابق ملک مثبت جمہوریت کی جانب گامزن ہوچکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سینیٹر شپ کے لیے انہیں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے ووٹ دیا، جبکہ مسلم لیگ (ن) نے انہیں ووٹ نہیں دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ان کا دور دور تک کوئی تعلق نہیں۔