وزیر اعظم شہباز شریف کی ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بشکیک میں چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی جہاں انہوں نے عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بشکیک میں منعقدہ چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی جہاں کرغزستان کے صدر صادر نورگوجوئچ ژاپاروف نے ان کا استقبال کیا۔ چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز 31 اگست سے 6 ستمبر 2026 تک کرغزستان میں منعقد ہو رہے ہیں۔ افتتاحی تقریب میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے کرغزستان پہنچنے والے مختلف ممالک کے سربراہان، وزرائے اعظم اور عالمی رہنما بھی شریک ہوئے۔
تقریب کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف کی مختلف ممالک کے رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں بھی ہوئیں۔ وزیر اعظم نے روسی صدر ولادیمر پوتن، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس، آذربائیجان کے صدر الہام علیوف، بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو اور قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکائیف سے ملاقات کی۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم کی تاجکستان کے صدر امام علی رحمان، لاؤس کے صدر تھونگ لون سیسولیتھ، ٹوگو کے صدر فاؤرے گناسنگبے اور منگولیا کے صدر اوخناگین خورلسوخ سے بھی غیر رسمی ملاقاتیں ہوئیں۔ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان کے ان ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات پر گفتگو کی گئی۔
چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز میں پاکستان کا دستہ بھی شریک ہے۔ پاکستانی کھلاڑیوں کی اسٹیڈیم آمد پر وزیر اعظم نے کھڑے ہوکر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا جبکہ اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے بھی پاکستانی دستے کو بھرپور داد دی۔ پاکستانی کھلاڑی نومیڈ گیمز کے مختلف مقابلوں میں حصہ لیں گے۔ یہ بین الاقوامی کھیلوں کا مقابلہ وسطی ایشیا کی مختلف اقوام کے روایتی کھیلوں اور ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے منعقد کیا جاتا ہے۔ نومیڈ گیمز میں کشتی، ہارس ریس، تیر اندازی، روایتی شکار اور مختلف ذہنی و فکری کھیل شامل ہیں۔ ان کھیلوں کا مقصد مختلف ممالک کے عوام کے درمیان ثقافتی روابط، باہمی مفاہمت اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔