آیت نور کیس، والد محمد شفیق نے وکالت نامے پر دستخط کر دیے
ذمہ دار افراد کو قانون کے مطابق سخت سزا ملنے تک قانونی جدوجہد جاری رہے گی اور کیس کو ہر ممکن قانونی فورم پر مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔وکلاء
آیت نور کیس، والد محمد شفیق نے وکالت نامے پر دستخط کر دیے
ہری پور: آیت نور کیس میں اہم قانونی پیش رفت سامنے آئی ہے، آیت نور کے والد محمد شفیق نے مقدمے کی پیروی کے لیے سپریم کورٹ کے وکیل سید شاہد محبوب کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ہری پور میں موجود وکلاء چیمبرز میں وکالت نامے پر دستخط کیے گئے، جس کے بعد کیس کی قانونی پیروی کے لیے باقاعدہ پیش رفت شروع کردی گئی ہے۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی کی صوبائی رہنما ارم فاطمہ، سابق ناظم اشتیاق اعوان، جماعت اسلامی کے سابق ناظم عمران علیزئی، چن زیب قریشی، سابق صدر بار خورشید اظہر ایڈووکیٹ، ملک اختر سمیت دیگر وکلاء اور سماجی کارکنان بھی موجود تھے۔
موقع پر موجود وکلاء اور سماجی شخصیات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آیت نور کے لیے انصاف کی جدوجہد اب قانونی محاذ پر بھرپور انداز میں جاری رکھی جائے گی۔
وکلاء کا کہنا تھا کہ ذمہ دار افراد کو قانون کے مطابق سخت سزا ملنے تک قانونی جدوجہد جاری رہے گی اور کیس کو ہر ممکن قانونی فورم پر مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔
دوسری جانب آیت نور کے والد اور سول سوسائٹی کی جانب سے کیس کی شفاف تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ بھی سامنے آیا ہے۔
مطالبے کے مطابق ہائی کورٹ کے ایک جج کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے تاکہ واقعے کی مکمل اور غیر جانب دارانہ تحقیقات ہوسکیں اور ذمہ داروں کا تعین کیا جاسکے۔