محسن نقوی کی لندن میں صدر زرداری سے اہم ملاقات
ملاقات میں مختلف قومی امور کے علاوہ نئے صوبوں سے متعلق جاری بحث بھی زیرِ غور آئی
فائل فوٹو
لندن: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لندن میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی، جس میں اہم ملکی اور قومی معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ون آن ون ملاقات تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی۔ ملاقات کے دوران محسن نقوی نے صدر آصف علی زرداری کو اہم پیغام بھی پہنچایا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں مختلف قومی امور کے علاوہ نئے صوبوں سے متعلق جاری بحث بھی زیرِ غور آئی۔ صدر زرداری نے اس معاملے پر اپنے مؤقف پر قائم رہنے کا پیغام دیا۔
صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ قومی مفاد کے معاملات پر تمام سیاسی اور متعلقہ فریقوں کو باہمی مشاورت اور اتفاقِ رائے کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔
ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور دیگر اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔