افغان سفارتخانے کا ایکس اکاؤنٹ عارضی طور پر غیر فعال
افغان سفارتخانے نے اس سے قبل اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (NDU) میں افغان سفیر سردار احمد شکیب کے خطاب کی متعدد ویڈیوز پوسٹ کی تھیں
فوٹو سوشل میڈیا ایکس
اسلام آباد: پاکستان میں افغان سفارتخانے کا آفیشل ایکس اکاؤنٹ چند گھنٹوں کے لیے غیر فعال ہونے کے بعد دوبارہ بحال ہوگیا، تاہم اس دوران افغان سفیر سردار احمد شکیب کے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں خطاب کی شیئر کی گئی تمام ویڈیو کلپس اکاؤنٹ سے ہٹا دی گئیں۔
افغان سفارتخانے نے اس سے قبل اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (NDU) میں افغان سفیر سردار احمد شکیب کے خطاب کی متعدد ویڈیوز پوسٹ کی تھیں۔ کچھ دیر بعد اکاؤنٹ عارضی طور پر غیر فعال ہوگیا، جسے چند گھنٹوں بعد دوبارہ فعال کردیا گیا۔
افغان ذرائع نے اکاؤنٹ کے عارضی طور پر غیر فعال ہونے کو تکنیکی مسئلہ قرار دیا ہے۔ تاہم اکاؤنٹ بحال ہونے کے بعد سفیر کے خطاب سے متعلق تمام ویڈیو کلپس کا ہٹا دیا جانا بھی سامنے آیا ہے۔
The official X account of the #Afghan Embassy in Islamabad @AfghanEmbPak was reactivated on Wednesday after being deactivated for several hours. However, all clips of Ambassador Sardar Ahmad Shakeeb’s @sardar_shakeeb address at the #NDU have been removed. “There was a technical… https://t.co/vhWvYmnbwb pic.twitter.com/jHrk5d64Gf
— Tahir Khan (@taahir_khan) September 2, 2026
نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں خطاب کے دوران سردار احمد شکیب نے پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کو محض ہمسائیگی تک محدود قرار دینے کے بجائے جغرافیہ، عوامی روابط، تجارت اور سیکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعلقات کی اہمیت پر زور دیا تھا۔
افغان سفیر کا کہنا تھا کہ افغانستان اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا۔ تاہم ان کے مطابق سیکیورٹی خدشات کو فوجی کارروائی کے جواز کے طور پر استعمال کرنے کے بجائے دونوں ممالک کو اپنے اختلافات بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے چاہئیں۔
افغان سفارتخانے کے ایکس اکاؤنٹ کی عارضی بندش اور ویڈیو کلپس کے حذف کیے جانے کا معاملہ بدھ کے روز سامنے آیا۔