محسن گیلانی کا خود کو ’جنات کا بادشاہ‘ قرار دینے کا دعویٰ
ایک جن، جس کا نام نجیب ہے، گزشتہ 12 برس سے ان کے ساتھ موجود ہے اور یہ تعلق ان کے والد کے انتقال کے بعد قائم ہوا۔
فائل فوٹو
پاکستانی ٹی وی اور ریڈیو کے معروف اداکار و پروڈیوسر سید محسن گیلانی نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران جنات سے متعلق اپنے مبینہ تجربات اور خیالات بیان کیے ہیں۔
ملتان سے تعلق رکھنے والے محسن گیلانی نے گفتگو کے دوران دعویٰ کیا کہ ان کا جنات سے خاص تعلق ہے اور وہ خود کو ’’جنات کا بادشاہ‘‘ کہتے ہیں۔ ان کے مطابق ایک جن، جس کا نام نجیب ہے، گزشتہ 12 برس سے ان کے ساتھ موجود ہے اور یہ تعلق ان کے والد کے انتقال کے بعد قائم ہوا۔
اداکار نے دعویٰ کیا کہ ان کے آباؤ اجداد کے پاس بھی جنات سے متعلق ایسے روابط موجود تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ قرآن کا علم رکھنے والے بعض افراد ان لوگوں کے بارے میں جانتے ہیں جن کے ساتھ جنات کا تعلق ہونے کا دعویٰ کیا جاتا ہے، جبکہ یہ تعلق نسل در نسل منتقل ہونے کی بات بھی کی جاتی ہے۔
محسن گیلانی نے کہا کہ معاشرے میں جنات کے حوالے سے متعدد تصورات اور روایات پائی جاتی ہیں۔ ان کے بقول جنات بھی اللہ تعالیٰ کی مخلوق ہیں اور ان کے درمیان بھی مختلف مذہبی عقائد رکھنے والے گروہ موجود ہوتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ جنات عام طور پر انسانوں کو نقصان نہیں پہنچاتے بلکہ بعض اوقات اپنی موجودگی کا احساس دلاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جنات انسانوں سے خوف محسوس کرتے ہیں اور انسان کو ان پر برتری حاصل ہے۔
مٹھائیوں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے محسن گیلانی نے دعویٰ کیا کہ جنات کو مٹھائیاں پسند ہوتی ہیں اور ماضی میں بعض مٹھائی فروشوں کو ایسے واقعات کا علم ہوتا تھا۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ جنات انسانوں کے تابع نہیں ہوتے اور انہیں اپنی مرضی سے احکامات دینے کا تصور درست نہیں۔
انہوں نے اداکار احسن خان کا حوالہ دیتے ہوئے ایک واقعہ بھی بیان کیا۔ محسن گیلانی کے مطابق احسن خان نے ایک شخص سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے دعویٰ کیا کہ رات کے وقت ملتان میں حضرت بہاء الدین زکریا کے مزار پر ان کی اس شخص سے ملاقات کروائی گئی۔
گفتگو کے دوران محسن گیلانی نے سورۂ رحمٰن اور سورۂ فاتحہ کی تلاوت کی اہمیت پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ بعض افراد سورۂ رحمٰن کی تلاوت یا سماعت سے شفا ملنے کے تجربات بیان کرتے ہیں۔
انہوں نے صحت کے مسائل سے دوچار افراد کو سورۂ رحمٰن سننے اور پڑھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ تلاوت کے ساتھ قرآن پاک کا ترجمہ بھی سمجھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ ان کے مطابق سورۂ رحمٰن اور سورۂ فاتحہ مسلمانوں کے لیے اللہ تعالیٰ کی جانب سے عظیم نعمتیں ہیں۔
نوٹ: جنات سے متعلق محسن گیلانی کے بیان کردہ دعوے ان کے ذاتی تجربات اور خیالات پر مبنی ہیں، جن کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کی گئی۔