مانسہرہ: وادی سرن میں لاپتہ غیر ملکی کوہ پیما الیگزینڈر کی نعش برآمد

الیگزینڈر اپنے برطانوی کوہ پیما ساتھی ایلن ڈیوڈ کوپر کے ہمراہ 28 اگست کو گلگت بلتستان سے منڈاکچھہ پہنچے تھے۔

September 2, 2026 · قومی
فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

مانسہرہ کی وادی سرن میں گزشتہ کئی روز سے لاپتہ غیر ملکی کوہ پیما الیگزینڈر کی نعش پراچہ کٹھہ کے جنگلات سے برآمد کرلی گئی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق الیگزینڈر کی نعش مقامی افراد کی مدد سے جنگلات سے نکال کر قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کوہ پیما کی موت کی وجہ کے بارے میں حتمی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہے، جبکہ مزید تفصیلات قانونی کارروائی کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق الیگزینڈر اپنے برطانوی کوہ پیما ساتھی ایلن ڈیوڈ کوپر کے ہمراہ 28 اگست کو گلگت بلتستان سے منڈاکچھہ پہنچے تھے۔ دونوں نے اگلے روز تقریباً 13 ہزار 500 فٹ بلند موسیٰ کا مصلحہ چوٹی سر کرنے کی مہم شروع کی۔

مہم سے واپسی کے دوران شدید دھند کے باعث الیگزینڈر اپنے ساتھی سے بچھڑ گئے تھے، جس کے بعد ان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق لاپتہ کوہ پیما کی تلاش گزشتہ پانچ روز سے جاری تھی۔ دوسری جانب ان کے برطانوی ساتھی ایلن ڈیوڈ کوپر تین روز قبل بحفاظت منڈاکچھہ واپس پہنچ گئے تھے۔

حکام کے مطابق الیگزینڈر کی نعش برآمد ہونے کے بعد ضروری قانونی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے، جبکہ موت کی اصل وجہ کا تعین تحقیقات اور طبی معائنے کے بعد ہوگا۔