پمز سانحے میں بچ جانے والی نومولود ایزل کی حالت تشویشناک
ایزل قبل از وقت پیدا ہوئی تھی، جس کے باعث وہ پہلے ہی کمزور تھی، جبکہ سانحے کے دوران دھویں سے متاثر ہونے کے بعد اس کی طبی حالت مزید نازک ہوگئی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: پمز سانحے میں زندہ بچ جانے والی نومولود بچی ایزل کی طبیعت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جسے انتہائی نگہداشت کے شعبے (آئی سی یو) میں زیرِ علاج رکھا گیا ہے۔
بچی کے والدین کے مطابق ایزل قبل از وقت پیدا ہوئی تھی، جس کے باعث وہ پہلے ہی کمزور تھی، جبکہ سانحے کے دوران دھویں سے متاثر ہونے کے بعد اس کی طبی حالت مزید نازک ہوگئی۔
ایزل کی والدہ آصفہ بی بی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بچی 12 اگست کو پیدا ہوئی اور وہ ان کی پہلی اولاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایزل کی طبیعت میں اتار چڑھاؤ جاری ہے، ایک دن اس کی حالت بہتر ہوتی ہے تو اگلے ہی روز دوبارہ بگڑ جاتی ہے۔
بچی کے والد وقاص کا کہنا ہے کہ ایزل کو خون بھی لگایا جا رہا ہے، تاہم طبی اقدامات کے باوجود اس کی حالت میں تشویشناک حد تک بہتری نہیں آ رہی۔
والدین نے بتایا کہ ایزل اس وقت انتہائی نگہداشت میں ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہے اور اس کی صحت کے حوالے سے صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔