پشاور: بڈھ بیر میں سی ٹی ڈی آپریشن، فتنۃ الخوارج کے 4 دہشت گرد ہلاک

ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 3 ایس ایم جیز، ایک پستول، ہینڈ گرنیڈ، 3 میگزین، متعدد کارتوس اور موبائل فون برآمد کیے گئے۔

September 2, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق خارجی کمانڈر طاہر عرف معاویہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ بڈھ بیر میں مبینہ طور پر دہشت گردی کی کارروائی کے لیے موجود تھا۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے کارروائی کی تو فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

حکام کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 3 ایس ایم جیز، ایک پستول، ہینڈ گرنیڈ، 3 میگزین، متعدد کارتوس اور موبائل فون برآمد کیے گئے۔

سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ایک ہلاک دہشت گرد کی جیب سے افغان شناختی کارڈ بھی ملا، جس کے مطابق وہ افغانستان کے صوبہ کنڑ کا رہائشی تھا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے زیر استعمال 2 موٹر سائیکلیں بھی قبضے میں لے لی گئیں۔

دیگر ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے، جبکہ کارروائی کے دوران فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے بڈھ بیر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ اور بم ڈسپوزل یونٹ کو بھی طلب کیا گیا ہے، جبکہ ضروری قانونی کارروائی جاری ہے۔

آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے سی ٹی ڈی اہلکاروں کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد عناصر کو صوبے کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور انہیں قانون کے مطابق کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔