چارسد پیسکو دفتر میں بجلی بل پر مبینہ جھگڑا، دل کے دورے سے بزرگ ہلاک

صفر ریڈنگ پر 50 ہزار بل بھیجا گیا، بیٹا، واقعے کے بعد پیسکو عملہ بھاگ گیا

September 2, 2026 · قومی
چار سدہ پیسکو دفتر میں دل کے دورے کے شکار نور حسن کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے

چار سدہ پیسکو دفتر میں دل کے دورے کے شکار نور حسن کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے

چارسدہ میں بدھ کو پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کے دفتر میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا۔ محکمہ تعلیم کے ریٹائرڈ ملازم نور حسن بجلی کے بل کی تصحیح کے لیے دفتر پہنچے، جہاں انہیں دل کا دورہ پڑا اور وہ موقع پر ہی انتقال کر گئے۔

متوفی کے بیٹے نوراللہ کا کہنا ہے کہ والد کے میٹر پر ریڈنگ تقریباً نہ ہونے کے برابر تھی، اس کے باوجود انہیں 50 ہزار روپے کا بل بھیج دیا گیا۔ نور حسن شکایت درج کرانے میٹر ریڈنگ سیکشن گئے۔ بیٹے کے مطابق وہاں عملے کے ساتھ تکرار ہوئی، جس کے بعد والد کو اچانک دل کا دورہ پڑا۔ نوراللہ نے الزام لگایا کہ واقعے کے بعد دفتر کے اہلکار وہاں سے چلے گئے۔ خاندان نے متعلقہ میٹر ریڈر فیاض کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست پولیس کو دے دی ہے۔

دوسری جانب پیسکو کے ایس ڈی او نے خاندان کے اس موقف کو مسترد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دفتر میں نور حسن کے ساتھ کوئی بدتمیزی یا تکرار نہیں ہوئی۔ ایس ڈی او کے مطابق متوفی پہلے ہی بجلی بل کے معاملے پر عدالت سے رجوع کر چکے تھے اور عدالتی فیصلے کے مطابق ان کا بل درست کر کے 12 ہزار روپے کر دیا گیا تھا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں کئی افراد ایک بزرگ کو بے ہوش حالت میں دفتر سے اٹھا کر گاڑی میں لے جاتے نظر آتے ہیں۔ ویڈیو میں دفتر کے بورڈ پر “پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) چارسدہ سب ڈویژن” واضح طور پر نظر آتا ہے۔