لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد راحیل کامران شیخ مستعفی
جسٹس محمد راحیل کامران شیخ 7 مئی 2021 کو لاہور ہائیکورٹ کے جج مقرر ہوئے تھے۔ استعفیٰ دینے کے وقت وہ ججز کی سنیارٹی فہرست میں 27ویں نمبر پر تھے
فائل فوٹو
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد راحیل کامران شیخ نے ذاتی وجوہات کی بنیاد پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
جسٹس راحیل کامران نے اپنا استعفیٰ صدرِ پاکستان کو بھجوا دیا، جبکہ اس کی ایک نقل لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار کو بھی ارسال کردی گئی ہے۔ انہوں نے آئین کے آرٹیکل 206 کے تحت استعفیٰ دیا ہے۔
جسٹس محمد راحیل کامران شیخ 7 مئی 2021 کو لاہور ہائیکورٹ کے جج مقرر ہوئے تھے۔ استعفیٰ دینے کے وقت وہ ججز کی سنیارٹی فہرست میں 27ویں نمبر پر تھے اور انہیں 20 جنوری 2036 کو ریٹائر ہونا تھا۔
تاہم انہوں نے مقررہ مدت سے قبل ہی عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ استعفے میں جسٹس راحیل کامران نے کہا کہ وہ بطور فقیہ مزید علمی و پیشہ ورانہ ترقی اور قانون کی حکمرانی میں وسیع تر کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے قانونی تحقیق، پالیسی ریسرچ اور تقابلی عدالتی امور کے شعبوں میں زیادہ فعال کردار ادا کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
جسٹس راحیل کامران نے استعفے میں کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے بینچ پر گزارا گیا عرصہ ان کی پیشہ ورانہ زندگی کے اہم ترین اور یادگار ادوار میں شامل رہا۔ انہوں نے اپنے سینئر ساتھی ججز اور عدالتی عملے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئین اور قانون کی حکمرانی سے وابستگی کے ساتھ بینچ سے رخصت ہو رہے ہیں۔