پاکستان نے عالمی مارکیٹ میں 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈز جاری کردیئے
1.75 ارب ڈالر مالیت کے ساڑھے پانچ سالہ یورو بانڈ پر شرح سود 7.50 فیصد مقرر کی گئی ہے، جبکہ 1.25 ارب ڈالر کے 10 سالہ یورو بانڈ پر 7.90 فیصد شرح سود طے ہوئی ہے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: پاکستان نے عالمی مالیاتی مارکیٹ میں مجموعی طور پر 3 ارب ڈالر مالیت کے یورو بانڈز کامیابی سے جاری کردیئے ہیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق 1.75 ارب ڈالر مالیت کے ساڑھے پانچ سالہ یورو بانڈ پر شرح سود 7.50 فیصد مقرر کی گئی ہے، جبکہ 1.25 ارب ڈالر کے 10 سالہ یورو بانڈ پر 7.90 فیصد شرح سود طے ہوئی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق بانڈز کے اجرا کیلئے عالمی سرمایہ کاروں کی جانب سے تقریباً 6 ارب ڈالر کی پیشکشیں موصول ہوئیں، جو جاری کیے گئے بانڈز کی مجموعی مالیت سے تقریباً دو گنا ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ پاکستان کی جانب سے عالمی منڈی میں بانڈز کے ذریعے اب تک کی سب سے بڑی فنڈنگ ہے۔ سرمایہ کاروں کی جانب سے نمایاں دلچسپی کو پاکستانی معیشت اور حکومتی مالیاتی پالیسیوں پر اعتماد سے تعبیر کیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق نئے یورو بانڈز کے اجرا کا بنیادی مقصد زیادہ مہنگے اور قلیل مدتی قرضوں کو نسبتاً طویل مدتی مالی وسائل سے تبدیل کرنا ہے، جس سے قرضوں کے انتظام میں بہتری لانے میں مدد مل سکتی ہے۔
یہ بانڈز دو مرحلوں پر مشتمل طریقہ کار کے تحت جاری کیے گئے۔ عالمی مالیاتی اداروں، جن میں سٹی بینک اور ڈوئچے بینک سمیت دیگر ادارے شامل ہیں، نے اس لین دین کی تکمیل میں معاونت کی۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ عالمی سرمایہ کاروں کی جانب سے موصول ہونے والی پیشکشیں پاکستان کے بین الاقوامی بانڈز میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کی عکاسی کرتی ہیں۔