معروف گلوکارہ آئمہ بیگ کا زین احمد سے علیحدگی کا اعلان

شادی کے موقع پر گلوکارہ نے تقریب کی تصاویر بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کی تھیں، جس کے بعد دونوں کی جوڑی کو سوشل میڈیا پر خاصی توجہ ملی۔

September 3, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

پاکستانی گلوکارہ آئمہ بیگ نے معروف فیشن برانڈ کے سربراہ زین احمد سے اپنی علیحدگی کی تصدیق کردی ہے۔

آئمہ بیگ اور زین احمد نے گزشتہ سال اگست میں کینیڈا میں ایک نجی تقریب کے دوران شادی کی تھی۔ شادی کے موقع پر گلوکارہ نے تقریب کی تصاویر بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کی تھیں، جس کے بعد دونوں کی جوڑی کو سوشل میڈیا پر خاصی توجہ ملی۔

شادی سے قبل بھی آئمہ بیگ اور زین احمد ایک دوسرے کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے کھل کر اظہار کرتے رہے تھے اور مختلف مواقع پر ایک ساتھ نظر آتے تھے۔

تاہم کچھ عرصے سے دونوں کے درمیان اختلافات اور ازدواجی زندگی میں کشیدگی کی قیاس آرائیاں سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھیں۔ اس دوران آئمہ بیگ کی جانب سے بعض ایسی پوسٹس بھی سامنے آئیں جنہیں مداحوں نے ان کی ذاتی زندگی میں مشکلات سے جوڑا۔

حال ہی میں گلوکارہ کی جانب سے چہرے پر چوٹ کی تصویر شیئر کیے جانے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف قیاس آرائیاں کی گئیں، تاہم اس حوالے سے کسی جانب سے تشدد کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

اب آئمہ بیگ نے ایک تقریب کی تصاویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی ہیں، جن میں وہ سیاہ لباس اور سلور بلون بالوں کے ساتھ دکھائی دے رہی ہیں۔

تصاویر کے ساتھ درج کیپشن میں گلوکارہ نے خود کو ’سنگل‘ قرار دیا، جس کے بعد ان کی جانب سے زین احمد سے علیحدگی کی تصدیق کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

آئمہ بیگ کی جانب سے علیحدگی کا واضح اشارہ سامنے آنے کے بعد مداحوں کی جانب سے اس معاملے پر مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب زین احمد کی طرف سے تاحال علیحدگی کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔

دونوں کی جانب سے مکمل تفصیلات یا علیحدگی کی وجوہات بیان نہ کیے جانے کے باعث اس معاملے سے متعلق مزید قیاس آرائیوں سے گریز کرنا مناسب ہوگا۔