نیواسلام آبادائرپورٹ میں داخلے کی کوشش کرنے والی مشکوک گاڑی پر فائرنگ سے 2زخمی

ہسپتال منتقل ۔ایک ملزم کوہلو کا مطلوب اشتہاری ہے، ذرائع

September 3, 2026 · قومی

 

نیو اسلام آباد ائیرپورٹ کے مرکزی دروازے پر مشکوک گاڑی کے نہ رکنے پر سیکیورٹی پر متعین عملے نے گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 کارسوارزخمی ہوگئے۔

ائیرپورٹ کے مرکزی انٹری گیٹ پر اچانک تیز رفتار کار کو ائیرپورٹ سیکیورٹی فورس کے اہلکار نے رکنے کا اشارہ کیا تاہم سوار افراد نے رکنے کے بجائے گاڑی آگے بڑھانے کی کوشش کی اہلکاروں نے سیکورٹی یقینی بنانے اور گاڑی کو رکوانے کے لیے فائرنگ کی۔

فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 2افراد جن کے نام رحمت اللہ اور عبدالجبار معلوم ہوئے شدید زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو پمز منتقل کردیا گیاذرائع کے مطابق دونوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے ایک ملزم کا تعلق ڈیرہ غازی خان سے نکلا، دوسرا ملزم بلوچستان کے ضلع کوہلو کے تھانہ کوہلو کا مطلوب اشتہاری ہے۔

فائرنگ سے گاڑی کی فرنٹ سکرین ٹوٹ گئی۔ واقعے کے بعد متعلقہ سیکیورٹی حکام نے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔