آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش،گرج چمک اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی
شہریوں کو موسم کی صورتحال پر نظر رکھنے اور تیز ہواؤں و گرج چمک کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت
فائل فوٹو
پشاور: محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا کے متعدد اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، سوات، پشاور، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اسی طرح دیر، بونیر، مالاکنڈ، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
موسمیاتی پیشگوئی کے مطابق ہری پور، صوابی، مردان، باجوڑ، مہمند اور چارسدہ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ پشاور، نوشہرہ، خیبر، کرم، کوہاٹ اور ہنگو میں بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز بھی صوبے کے بعض علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ مردان اور کرم میں بارش ہوئی، جبکہ تخت بھائی اور پارا چنار میں ایک، ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسم کی صورتحال پر نظر رکھنے اور تیز ہواؤں و گرج چمک کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔