مریم نواز کا سرگودھا میں مزید 7 الیکٹرو بسیں چلانے کا اعلان
مثالی گاؤں، ستھرا پنجاب پروگرام اور صاف پانی کے منصوبوں کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے۔ارکان اسمبلی کو ہدایت
فوٹو سوشل میڈیا ( ایکس)
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سرگودھا کے شہریوں کے لیے مزید 7 الیکٹرو بسیں فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔
مریم نواز شریف سے سرگودھا سے تعلق رکھنے والے ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں صوبائی وزیر صہیب احمد ملک، منصور اعظم، میاں سلطان رانجھا، اکرام الحق، صفدر حسین ساہی، رانا منور حسین، تیمور علی خان اور سردار عاصم شیر میکن شریک ہوئے۔
ملاقات کے دوران ارکان اسمبلی نے سرگودھا میں نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام اور ریکارڈ مدت میں منصوبے کی تکمیل پر وزیراعلیٰ پنجاب کو خراج تحسین پیش کیا۔ ارکان نے شہر میں الیکٹرو بس سروس شروع کرنے پر بھی مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے سرگودھا کے لیے مزید 7 الیکٹرو بسیں فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ارکان اسمبلی کو ہدایت کی کہ مثالی گاؤں، ستھرا پنجاب پروگرام اور صاف پانی کے منصوبوں کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے۔
ملاقات میں سرگودھا میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کے لیے مختلف تجاویز اور سفارشات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے عوام کی جانب سے ملنے والے مثبت ردعمل سے آگاہ کیا۔
ارکان اسمبلی کے مطابق بھلوال، بھیرہ، سلانوالی، یونیورسٹی، ڈی ایچ کیو، شاہین آباد، کوٹ مومن اور تحصیل ساہی وال کے روٹس پر چلنے والی الیکٹرو بسوں سے روزانہ ہزاروں شہری فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے سرگودھا میں نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام کو بھی اہم اور ناقابل فراموش منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے فلاحی اقدامات کو ملک کے ساتھ ساتھ بیرونِ ملک بھی پذیرائی مل رہی ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ الیکٹرو بسوں میں شہریوں، خصوصاً خواتین اور بچوں کو آرام دہ سفر کرتے دیکھ کر انہیں خوشی اور اطمینان محسوس ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے تمام شہروں کو ترقی کی جانب لے جانے کے لیے وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور عوامی سہولت حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے کے ہر علاقے میں بلاامتیاز ترقی کو یقینی بنانا نواز شریف کا وژن ہے۔