آزاد کشمیر کابینہ کے 8 وزرا نے حلف اٹھالیا
آزاد کشمیر کی نئی حکومت کی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد
فائل فوٹو
وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی کی کابینہ کے 8 ارکان نے حلف اٹھا لیا ہے۔ قائم مقام صدر چوہدری طارق فاروق نے ایوان صدر میں کابینہ ارکان سے حلف لیا۔
جمعے کے روز مظفرآباد میں آزاد جموں و کشمیر کی نئی حکومت کی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی، جس میں 8 رکنی کابینہ نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔
قائم مقام صدر آزاد کشمیر چوہدری طارق فاروق نے حلف لیا۔ حلف اٹھانے والوں میں ثاقب مجید راجہ، ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر، سردار میر اکبر، کرنل وقار نور اور اظہر صادق شامل ہیں۔
تقریب حلف برداری میں وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی،اراکین قانون ساز اسمبلی، بیوروکریسی اور شہریوں نے شرکت کی۔
بیرسٹر افتخار گیلانی 28 اگست کو آزاد کشمیر کے 17ویں وزیراعظم منتخب ہوئے تھے۔ انہوں نے44 میں سے 30 ووٹ حاصل کیے تھے۔ ان کے مدمقابل پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار مختار احمد عباسی کو 14 ووٹ ملے تھے۔
قبل ازیں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس وزیراعظم افتخار گیلانی اور صدر مسلم لیگ ن شاہ غلام قادر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں نومنتخب ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے شرکت کی۔
اجلاس میں کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے مشاورت کی گئی اور پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں لیا گیا۔