پیٹرول 3 روپے 13 پیسے سستا، ڈیزل 3 روپے 74 پیسے مہنگا
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا
پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 13 پیسے کمی جبکہ 3 روپے 74 پیسے ڈیزل مہنگا کردیا گیا۔
حکومت نے قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 دن کے لیے کمی کردی ہے تاہم ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نظرثانی کے لیے جاری طریقہ کار کے تحت نئی قیمتوں کا تعین کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 74 پیسے کا اضافہ کردیا گیا ہے اور ڈیزل کی فی لیٹر نئی قیمت 378 روپے 5 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 3 روپے 13 پیسے کی کمی کردی گئی ہے جس کے بعد فی لیٹر نئی قیمت 345 روپے 87 پیسے ہوگئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 5 ستمبر 2026 سے 7 ستمبر 2026 تک ہوگا۔
واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 349 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 374 روپے 31 پیسے کی سطح پر پہنچ گئی تھی۔