دورانِ ڈلیوری نومولود کے گلے پر کٹ لگ گیا،زخم کے باعث بچہ جاں بحق
اسپتال عملے نے ابتدا میں بچے کو مردہ پیدا ہونے کی اطلاع دی، تاہم بعد میں بچے کی گردن پر زخم اور خون دیکھنے کے بعد انہیں واقعے کی نوعیت کا علم ہوا۔
دورانِ ڈلیوری نومولود کے گلے پر کٹ لگ گیا،زخم کے باعث بچہ جاں بحق
کراچی کے علاقے محمودآباد کے ایک نجی اسپتال میں ڈلیوری کے دوران نومولود بچے کی موت واقع ہوگئی، جبکہ بچے کے گلے پر تیز دھار آلے سے لگنے والے زخم کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
پولیس کے مطابق نومولود کی میت قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کردی گئی ہے، جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال نجی اسپتال کی انتظامیہ یا عملے کے کسی فرد کو حراست میں نہیں لیا گیا۔
متاثرہ خاندان کے مطابق بچے کی والدہ کی ڈلیوری کے دوران اسپتال کے عملے کی مبینہ غفلت سے نومولود کے گلے پر تیز دھار آلہ لگ گیا، جس کے باعث خون بہنے لگا۔
اہلِ خانہ کا دعویٰ ہے کہ اسپتال عملے نے ابتدا میں بچے کو مردہ پیدا ہونے کی اطلاع دی، تاہم بعد میں بچے کی گردن پر زخم اور خون دیکھنے کے بعد انہیں واقعے کی نوعیت کا علم ہوا۔
بچے کے تایا کے مطابق نومولود کے والد امین بس ڈرائیور ہیں اور یہ ان کا چھٹا بچہ تھا۔ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ وہ مالی طور پر کمزور ہیں اور بچے کا پوسٹ مارٹم یا مزید قانونی کارروائی نہیں کرانا چاہتے۔
خاندان کا مطالبہ ہے کہ اگر تحقیقات میں اسپتال یا عملے کی غفلت ثابت ہو تو ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ہوسکے۔
متاثرہ خاندان کالا پل کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ اہلِ خانہ کے مطابق وہ بچے کی میت گھر لے جا رہے ہیں اور مزید کارروائی سے گریز کرنا چاہتے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ حتمی ذمہ داری کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہوگا۔