سہیل آفریدی کا بلاول بھٹو کو شکریہ،جمہوریت کے بنیادی اصول گنوا دیے

میرپورخاص اور عمرکوٹ میں بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان کے حامی بڑی تعداد میں نظر آئیں گے،

September 6, 2026 · امت خاص
سہیل آفریدی کا بلاول بھٹو کو شکریہ،جمہوریت کے بنیادی اصول گنوا دیے

سہیل آفریدی کا بلاول بھٹو کو شکریہ،جمہوریت کے بنیادی اصول گنوا دیے

 لاڑکانہ( اُمت نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور پی ٹی آئی رہنما سہیل آفریدی کو لاڑکانہ آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے سندھ کے دورے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ شہداء کے شہر لاڑکانہ میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی کے سندھ کے باقی دورے کے لیے نیک خواہشات ہیں۔

پیپلز پارٹی چیئرمین کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بالآخر برداشت، احترام اور بقائے باہمی کی سیاست کی طرف واپس آنا ہوگا، کیونکہ یہی کسی بھی جمہوریت کی بنیاد ہے

بلاول بھٹو کے پیغام پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا حسن سیاست اور اظہارِ رائے کی آزادی، آزاد عدلیہ، عوامی مینڈیٹ کے احترام، خودمختار پارلیمنٹ اور آزاد صحافت میں ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ کے برعکس چور دروازوں کا استعمال نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے سندھ میں اپنی سیاسی سرگرمیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میرپورخاص اور عمرکوٹ میں بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان کے حامی بڑی تعداد میں نظر آئیں گے، جبکہ حیدرآباد اور کراچی میں بھی بڑے اجتماعات کی توقع ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ان دنوں سندھ کے پانچ روزہ دورے پر ہیں، جس کے دوران پی ٹی آئی کی جانب سے مختلف شہروں میں عوامی رابطہ اور سیاسی سرگرمیاں جاری ہیں۔ پارٹی کے شیڈول کے مطابق سہیل آفریدی نے نوابشاہ، سانگھڑ، میرپورخاص اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا، جبکہ کراچی میں بھی ان کی قیادت میں سیاسی اجتماع کا پروگرام رکھا گیا ہے

دونوں رہنماؤں کے بیانات میں سیاسی اختلافات کے باوجود برداشت، احترام اور جمہوری اصولوں پر زور دیا گیا، تاہم سہیل آفریدی نے اپنے پیغام میں پی ٹی آئی کے سیاسی مؤقف اور سندھ میں جاری عوامی رابطہ مہم کو بھی نمایاں کیا ہے۔