پاکستان میں مفت لیپ ٹاپ کے نام پر خطرناک سائبر فراڈ کا انکشاف

طلبہ کو مفت لیپ ٹاپ دینے کا دعویٰ کرنے والی وائرل ویب سائٹ جعلی نکلی

September 7, 2026 · کامرس
پاکستان میں مفت لیپ ٹاپ کے نام پر خطرناک سائبر فراڈ کا انکشاف

پاکستان میں مفت لیپ ٹاپ کے نام پر خطرناک سائبر فراڈ کا انکشاف

پاکستانی طلبہ کو مفت لیپ ٹاپ دینے کا دعویٰ کرنے والی ایک ویب سائٹ کا لنک واٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے گردش کر رہا ہے۔ یہ پیشکش جعلی اور ویب سائٹ فراڈ نکلی ہے۔

سوشل میڈیا پر شیئر کیے جانے والے لنک میں صارفین کو فری لیپ ٹاپ فار اسٹوڈینٹس 2026 کے عنوان سے ایک ویب سائٹ پر بھیجا جاتا ہے جہاں دعویٰ کیا جاتا ہے کہ طلبہ مفت لیپ ٹاپ حاصل کرنے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ ویب سائٹ درخواست دینے والوں سے ان کا پورا نام، تعلیمی سطح اور پسندیدہ لیپ ٹاپ برانڈ سمیت مختلف معلومات درج کرنے کو کہتی ہے۔

جب ویب سائٹ کی جانچ کے لیے فرضی معلومات کے ساتھ فارم پُر کیا گیا تو اگلے ہی مرحلے میں درخواست منظور ہونے کا پیغام دکھا دیا گیا۔ تاہم مبینہ لیپ ٹاپ حاصل کرنے کے عمل کو آگے بڑھانے سے پہلے صارف کو یہ لنک متعدد واٹس ایپ کانٹیکٹس یا گروپس میں شیئر کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اس طرح کسی مشکوک لنک کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کا طریقہ فشنگ اور آن لائن فراڈ میں استعمال ہونے والے عام حربوں میں شامل ہے۔

مذکورہ ویب سائٹ سے متعلق فیس بک نے بھی پوسٹ کو غلط معلومات قرار دیا جبکہ سری لنکا اور نائیجیریا میں بھی اسی ویب سائٹ سے متعلق کیے گئے سابقہ فیکٹ چیکس میں اسے جعلی قرار دیا جا چکا ہے۔

پاکستان کی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے ترجمان نے بھی ویب سائٹ کا جائزہ لینے کے بعد بتایا کہ اس میں ایسی خصوصیات موجود ہیں جو عام طور پر آن لائن فشنگ اسکیمز سے منسلک ہوتی ہیں۔ ادارے نے شہریوں کو خبردار کیا کہ غیرمصدقہ ویب سائٹس پر اپنی ذاتی یا مالی معلومات فراہم نہ کریں۔ طلبہ کو مفت لیپ ٹاپ فراہم کرنے کا دعویٰ کرنے والی وائرل ویب سائٹ کا کسی مستند لیپ ٹاپ اسکیم سے تعلق نہیں۔

یہ جعلی ویب سائٹ ہے جو مفت لیپ ٹاپ کا لالچ دے کر صارفین سے معلومات حاصل کرنے اور لنک مزید لوگوں تک شیئر کروانے کی کوشش کرتی ہے۔