ایران جنگ نے آنکھیں کھول دیں ، سلامتی کیلئے صرف امریکہ پرانحصار نہیں کر سکتے ، قطر
خلیجی ممالک کو اپنی سلامتی کے لیے اپنی صلاحیتوں اور خود انحصاری کو بھی مضبوط بنانا ہو گا ، ترجمان وزارت خارجہ
فائل فوٹو
دوحہ: قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری کا کہنا ہے کہ ایران جنگ نے یہ بات نمایاں کی ہے کہ خلیجی ریاستیں اپنی سلامتی کے لیے صرف امریکہ کے ساتھ اسٹریٹجک پارٹنرشپ پر انحصار نہیں کر سکتیں۔
قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے ابو ظہبی میں ایک فورم پر خطاب کے دوران کہا کہ ہمیں خلیجی خطے میں یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ خطے میں بین الاقوامی افواج کی موجودگی اور امریکہ کے ساتھ اسٹریٹجک اتحاد انتہائی اہم ہے، لیکن یہ کافی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک کو اپنی سلامتی کے لیے اپنی صلاحیتوں اور خود انحصاری کو بھی مضبوط بنانا ہو گا۔
خیال رہے کہ امریکا کے سابق سی آئی اے ڈائریکٹر اور ریٹائرڈ جنرل ڈیوڈ پیٹریاس نے اعتراف کیا ہے کہ مشرقی خلیجی ریاستوں میں فعال امریکی فوجی اڈوں کو برقرار رکھنا اب پہلے کی طرح قابل عمل نہیں رہا۔
افغانستان اور عراق میں اتحادی افواج کے کمانڈر رہنے والے جنرل ڈیوڈ پیٹریاس نے ایران کی جانب سے امریکی فوجی اڈوں اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں موجود فوجی اڈے اور اہم انفراسٹرکچر اب ایک دوسرے کے خلاف دباؤ اور اثر و رسوخ کے لیے استعمال ہو رہے ہیں۔