ڈالر کی قدر میں کمی، عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت بڑھ گئی
اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.6 فیصد بڑھ کر 4,429.89 ڈالر فی اونس ہوگئی، جبکہ دسمبر کے لیے امریکی گولڈ فیوچرز معمولی تبدیلی کے بعد 4,475.10 ڈالر فی اونس پر رہے
فائل فوٹو
امریکی ڈالر کی قدر میں کمی کے باعث عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ سرمایہ کار امریکی افراطِ زر کے آئندہ اعدادوشمار کے منتظر ہیں، جن سے امریکی مرکزی بینک کی مستقبل کی شرح سود پالیسی کے بارے میں اندازہ لگایا جا سکے گا۔
عالمی مارکیٹ میں اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.6 فیصد بڑھ کر 4,429.89 ڈالر فی اونس ہوگئی، جبکہ دسمبر کے لیے امریکی گولڈ فیوچرز معمولی تبدیلی کے بعد 4,475.10 ڈالر فی اونس پر رہے۔ اسی دوران امریکی ڈالر انڈیکس میں 0.4 فیصد کمی دیکھی گئی۔
ماہرین کے مطابق ڈالر کمزور ہونے سے دوسری کرنسیوں میں سرمایہ کاری کرنے والوں کے لیے ڈالر میں قیمت والے سونے کی خریداری نسبتاً سستی ہوجاتی ہے، جس سے قیمتی دھات کی طلب میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
مارکیٹ کی توجہ اب امریکی پروڈیوسر پرائس انڈیکس کے اعدادوشمار پر ہے، جو جمعرات کو جاری کیے جائیں گے، جبکہ صارف قیمت اشاریے کے اعدادوشمار جمعہ کو سامنے آئیں گے۔ ان اعدادوشمار سے امریکی شرح سود کے مستقبل کے حوالے سے سرمایہ کاروں کی توقعات متاثر ہونے کا امکان ہے۔
گزشتہ دو کاروباری سیشنز کے دوران سونے کی قیمت میں کمی ریکارڈ ہوئی تھی، جس کے پس منظر میں اگست کے دوران امریکی روزگار کی صورتحال میں بہتری اور بے روزگاری کی شرح 4.1 فیصد پر برقرار رہنے کی اطلاعات شامل تھیں۔
دوسری جانب مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی جغرافیائی سیاسی کشیدگی بھی قیمتی دھاتوں کی قیمتوں پر اثر انداز ہورہی ہے۔ ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی اور باہمی دھمکیوں کے باعث عالمی سرمایہ کاروں میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔
دیگر قیمتی دھاتوں میں چاندی کی قیمت ایک فیصد اضافے سے 66.78 ڈالر فی اونس، پلاٹینم 0.4 فیصد اضافے سے 1,834 ڈالر جبکہ پیلیڈیم ایک فیصد بڑھ کر 1,402.87 ڈالر فی اونس ہوگیا۔