مشرق وسطیٰ میں کشیدگی، عالمی منڈی میں خام تیل 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرگیا

ابتدائی کاروبار کے دوران برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت میں 2.15 ڈالر یعنی 2.2 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد برینٹ کی قیمت 100.07 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔

September 9, 2026 · کامرس
فائل فوٹو

فائل فوٹو

مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ اور امریکا و ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، برینٹ خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل کی اہم حد عبور کرگئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز ابتدائی کاروبار کے دوران برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت میں 2.15 ڈالر یعنی 2.2 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد برینٹ کی قیمت 100.07 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔

یہ 24 جولائی کے بعد پہلا موقع ہے جب برینٹ خام تیل کی قیمت دوبارہ 100 ڈالر فی بیرل سے اوپر گئی ہے۔ ایک روز قبل برینٹ کی قیمت 1.57 ڈالر یعنی 1.6 فیصد اضافے کے بعد 99.49 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی تھی۔

امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت بھی مسلسل اضافے کی زد میں ہے۔ تازہ کاروبار کے دوران ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت 1.83 فیصد اضافے کے بعد 94.73 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ گزشتہ روز اس کی قیمت 1.72 فیصد اضافے کے بعد 94.63 ڈالر فی بیرل تھی۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ ماہ کے آغاز سے اب تک برینٹ خام تیل کی قیمت میں تقریباً 25 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔ عالمی منڈی میں قیمتوں میں اس تیزی کی بنیادی وجہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور خطے سے تیل کی ترسیل متاثر ہونے کے خدشات کو قرار دیا جارہا ہے۔

امریکا اور ایران کے درمیان جاری تنازع میں حالیہ شدت نے بھی عالمی توانائی کی منڈی کو متاثر کیا ہے۔ امریکا کی جانب سے ایرانی تیل بردار ٹینکروں کو نشانہ بنائے جانے اور اس کے ردعمل میں ایران کی جانب سے خلیج میں امریکی فوجی تنصیبات پر حملوں کے بعد سرمایہ کاروں میں خطے سے تیل کی سپلائی کے حوالے سے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔

مشرق وسطیٰ عالمی توانائی کی فراہمی کے لیے انتہائی اہم خطہ ہے، جہاں سے بڑی مقدار میں خام تیل عالمی منڈی تک پہنچتا ہے۔ اسی لیے خطے میں کسی بھی بڑے تنازع یا تیل کی ترسیل میں رکاوٹ کے خدشات کا براہ راست اثر عالمی قیمتوں پر پڑتا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی مزید بڑھتی ہے یا جنگ کا دائرہ وسیع ہوتا ہے تو خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ خصوصاً تیل کی ترسیل کے اہم راستوں پر کسی بھی قسم کی رکاوٹ عالمی سپلائی کو متاثر کرسکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق موجودہ صورتحال میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کا رخ مشرق وسطیٰ کی جنگ اور خطے میں توانائی کی ترسیل کی صورتحال سے جڑا ہوا ہے۔ اگر کشیدگی میں کمی نہ آئی تو آنے والے دنوں میں خام تیل کی قیمتوں پر مزید دباؤ دیکھنے میں آسکتا ہے۔