پاکستان میں200 سے زائد افغان میڈیکل طلبا کی نشاندہی ، صرف22 رجسٹرڈ
صرف میڈیکل ڈگری پاکستان میں قیام، ملازمت یا پریکٹس کا حق نہیں دیتی ،پی ایم ڈی سی
اسلام آباد: پاکستان میں 200 سے زائد افغان میڈیکل طلبہ کی نشاندہی ہوئی ہے، تاہم پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) میں صرف 22 طلبہ رجسٹرڈ ہیں۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق رجسٹرڈ 22 طلبہ میں سے 14 اپنی ڈگری مکمل کرچکے ہیں، جبکہ 8 آئندہ سال گریجویشن کریں گے۔ باقی 176 طلبہ کی حیثیت کی تصدیق اور ریگولیٹری جائزے کا عمل جاری ہے۔
پاکستان میں غیر ملکی طلبہ کے لیے میڈیکل تعلیم پر قومیت کی بنیاد پر کوئی پابندی نہیں، تاہم تمام غیر ملکی طلبہ کے لیے تعلیمی، رجسٹریشن، دستاویزی اور امیگریشن تقاضے پورے کرنا لازم ہے۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق صرف میڈیکل ڈگری مکمل کرلینا پاکستان میں قیام، ملازمت یا طب کی پریکٹس کا حق نہیں دیتا۔ پاکستان میں پریکٹس کے خواہشمند غیر ملکی گریجویٹس کو متعلقہ لائسنسنگ اور رجسٹریشن کی شرائط پوری کرنا ہوں گی۔
متاثرہ طلبہ کو قانونی کارروائی مکمل کرنے اور حکومتی پالیسی کے مطابق واپسی کے انتظامات میں سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ پی ایم ڈی سی کے مطابق تعلیمی معیار، قانونی تقاضوں اور مریضوں کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔