پاکستان 54 سال بعد عالمی توانائی فورم ‘گیس ٹیک 2026’ کا حصہ بن گیا

یو جی ڈی سی54 سالہ تاریخ میں پہلی پاکستانی کمپنی بن گئی،عالمی نمائش میں اسٹال قائم

September 15, 2026 · کامیابی کی داستاں

فائل فوٹو

پاکستان نے 54 سال کے طویل عرصے کے بعد عالمی توانائی فورم ‘گیس ٹیک 2026’ میں باضابطہ طور پر شمولیت اختیار کر لی ہے۔ تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک کے بائٹیک سینٹر میں 14 سے 17 ستمبر تک جاری رہنے والی اس چار روزہ کانفرنس و نمائش میں یو جی ڈی سی (UGDC) 54 سالہ تاریخ میں پہلی ایسی پاکستانی کمپنی بن گئی ہے جس نے اپنا اسٹال قائم کیا ہے۔

گیس ٹیک کے سرکاری اعدادوشمار کے مطابق اس عالمی ایونٹ میں دنیا بھر کے 150 ممالک سے 7 ہزار مندوبین، ایک ہزار نمائش کنندگان اور 50 ہزار تک شرکاء کی آمد متوقع ہے۔ تھائی لینڈ میں پاکستان کی سفیر سعدیہ قاضی نے یو جی ڈی سی کے اسٹال کا دورہ کیا اور اس شرکت کو عالمی سطح پر پاکستانی کاروباری شعبے کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔

نجی شعبے کی شمولیت اور گیس کی قیمتوں میں کمی کا عزم بنکاک میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے یو جی ڈی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر غیاث عبداللہ پراچہ نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے نجی شعبے کے لیے 35 فیصد گیس مختص کرنے کی پالیسی گیس سیکٹر میں ڈی ریگولیشن کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت گیس کی تقسیم کے امور سرکاری کمپنیوں ایس این جی پی ایل اور ایس ایس جی سی کے پاس ہیں، تاہم یو جی ڈی سی امریکی اور دیگر بین الاقوامی اداروں کے اشتراک سے نجی نیٹ ورکس قائم کرنے کی خواہاں ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نجی شعبے کے ان نیٹ ورکس سے گیس کے نقصانات (لائن لاسز) میں کمی آئے گی، صارفین کو سستی گیس میسر ہوگی، اور حکومت کو ٹیکس اور ٹرانزٹ فیس کی مد میں اضافی آمدنی کے ساتھ توانائی کی مجموعی لاگت میں بھی کمی آئے گی۔