بجلی چوری روکنے کیلئے ٹرانسفارمر بند کرنے کا نیا نظام لانے کا فیصلہ

پورے فیڈر بند نہیں ہوں گے- بجلی کمپنیاں اجازت سے زیادہ لوڈ شیڈنگ کر رہی ہیں- اویس لغاری

September 17, 2026 · کامرس
اویس لغاری

اویس لغاری

وفاقی حکومت نے ملک میں بجلی چوری کی روک تھام اور لوڈ مینجمنٹ کو بہتر بنانے کے لیے ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے ٹرانسفارمرز کو آن اور آف کرنے کا نیا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس نئے نظام کے تحت اب پورے فیڈر کو بند کرنے کے بجائے صرف اسی ٹرانسفارمر کی بجلی بند کی جائے گی جہاں بجلی چوری یا لائن لاسز کی نشاندہی ہوگی۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے انکشاف کیا کہ ملک کے بیشتر فیڈرز پر مجاز حد سے زائد لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، جس کی بنیادی وجہ ڈسکوز کا ناقص انفراسٹرکچر اور عملے کی غفلت ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ بجلی کا عملہ مبینہ طور پر ملی بھگت اور رشوت کے ذریعے ڈیمانڈ نوٹس میں لوڈ کم لکھواتا ہے، جس سے پورے نظام پر ضرورت سے زیادہ بوجھ پڑتا ہے۔

وزیر توانائی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید بتایا کہ دنیا بھر میں استعمال ہونے والے اس جدید تصور کے تحت ملک بھر کے ٹرانسفارمرز پر آن آف کا سسٹم لایا جا رہا ہے، اور اس کا ریگولیٹری فریم ورک اگلے سال اپریل یا مئی تک تیار کر لیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ڈسکوز کے بوسیدہ سسٹم کو اپ گریڈ کرنے اور بنیادی ڈھانچے کے مسائل حل کرنے کے لیے فی حلقہ 60 کروڑ سے 1 ارب روپے تک کی سرمایہ کاری درکار ہوگی۔