تحفظ حرمین شریفین کانفرنس میں سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان

سردار محمد یوسف کا کہنا ہےسعودی عرب پاکستان کی سرخ لائن ہے،کسی کو عبورنہیں کرنےدیں گے

September 19, 2026 · امت خاص

فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم اور پاک سعودی یکجہتی کونسل نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام حرمین شریفین کے لیے جانیں قربان کرنے کے لیے تیار ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کا رشتہ سیاسی اور حکومتی نہیں بلکہ مقدس اور روحانی رشتہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک سعودی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام کل جماعتی تحفظ حرمین شریفین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے جمعیت علماء اسلام کے سیکرٹری جنرل عبدالغفور حیدری، جمعیت علماء پاکستان کے صاحبزادہ شاہ اویس نورانی، سیکرٹری جنرل پاک سعودی یکجہتی کونسل مولانا فضل الرحمان خلیل، صدر جماعت اہل سنت مولانا اورنگ زیب فاروقی، کشمیر اسمبلی کے ممبر پیر مظہر سعید شاہ، نائب امیر یکجہتی کونسل مولانا علی محمد ابو تراب، پروفیسر سجاد قمر، مولانا عتیق الرحمان شاہ کاشمیری، جمعیت علماء اسلام (س) کے امیر مولانا عبدالحق، پیر چراغ الدین شاہ اور قاری محبوب الرحمان نے خطاب کیا۔

کانفرنس میں مولانا طیب الرحمان شاہ، مولانا عطاء دیشانی، مولانا منظور، جمیل الرحمان فاروقی، مولانا عبدالرحمن معاویہ، مولانا عبدالکریم اور مولانا ہارون الرشید سمیت مذہبی سیاسی جماعتوں کے ذمہ داران نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ کل جماعتی تحفظ حرمین شریفین کانفرنس نے پوری قوم کو پیغام دیا ہے کہ حرمین شریفین پر حملہ ہوا تو ہم خاموش نہیں رہیں گے۔ آئی ایس پی آر کا بیان پوری قوم کی ترجمانی ہے۔

سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاک سعودی یکجہتی کونسل عوام اور تمام سیاسی جماعتوں کی ترجمانی کر رہی ہے۔ حرمین شریفین کا تحفظ ہم سب کے ایمان کا حصہ ہے۔ دنیا میں جہاں بھی مسلمانوں پر حملہ ہوا، پاکستان نے اس کی مذمت کی۔

سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے واضح پیغام دے دیا ہے کہ ہم سعودی عرب کے شانہ بشانہ ہیں اور کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ سعودی عرب ہماری سرخ لائن ہے اور ہم کسی کو یہ پار کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

سرپرست پاک سعودی یکجہتی کونسل اور امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہا کہ پاک سعودی یکجہتی کونسل کی کانفرنس میں تمام جماعتیں یک زبان ہیں۔ یہ کانفرنس حوثی باغیوں کو یہ پیغام دینا چاہتی ہے کہ پاکستان کے عوام اور علماء حرمین شریفین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل ایران پر حملہ ہوا تو ہم سب نے مذمت کی۔ آج حرمین شریفین پر حملہ ہوا تو یہاں کے حوثی خاموش ہیں۔ ہم متفقہ طور پر اعلان کرتے ہیں کہ ہم سب سعودی عرب کے ساتھ ہیں۔ مکہ اور مدینہ ہمیں اپنی جانوں سے عزیز ہے۔

سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہا کہ پاکستان فورسز کے ساتھ ساتھ پاکستان کے عوام بھی سعودی عرب جا کر لڑنے کے لیے تیار ہیں۔ یہود و ہنود اپنی پراکسیوں کے ذریعے ارض مقدس کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم ان کی ہر کوشش ناکام بنا دیں گے۔

کشمیر اسمبلی کے ممبر پیر مظہر سعید شاہ نے کہا کہ ہم سعودی عرب کے ساتھ ہیں، حوثی فوری طور پر اپنے حملے بند کریں۔ آبنائے ہرمز، باب مندب اور تمام بحری راستے سب کے لیے کھولے جائیں۔ کشمیر کا بچہ بچہ سعودی عرب پر کٹ مرنے کے لیے تیار ہے۔

شاہ اویس نورانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ممکن نہیں کہ ارض مقدس پر حملہ ہو اور ہم خاموش رہیں۔ کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ یہ سعودی عرب کی حکومت کا مسئلہ ہے۔ ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہم حرمین شریفین کے بھی ساتھ ہیں اور سعودی عرب کی حکومت کے بھی ساتھ ہیں۔

مولانا فضل الرحمان خلیل نے کہا کہ پاک سعودی عرب دفاعی معاہدہ تاریخی معاہدہ ہے اور ہم اس معاہدے کی حفاظت اپنی جان دے کر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دس بیس ہزار نہیں بلکہ پاکستان کی پوری عوام سعودی عرب اور حرمین پر کٹ مرنے کے لیے تیار ہیں۔

مولانا اورنگ زیب فاروقی نے کہا کہ حرمین شریفین پر جو حملے ہو رہے ہیں، ان کے پیچھے کون ہے، اب یہ ڈھکا چھپا نہیں ہے۔ پہلے امریکہ نے مسلمانوں کے ملکوں کو آپس میں لڑانے کی کوشش کی۔ سعودی عرب نے تحمل کیا۔ اب حوثیوں کے ذریعے حملہ کیا گیا۔ ہم حملہ آوروں کی پشت پناہی کرنے والوں کو متنبہ کرنا چاہتے ہیں کہ وہ باز آ جائیں۔

مولانا عبدالحق ثانی نے کہا کہ حرمین شریفین کی طرف اٹھنے والی ہر آنکھ کو نکال دیں گے۔

مولانا علی محمد ابو تراب نے کہا کہ ہم سعودی عرب کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز، محمد بن سلمان اور سعودی حکومت کی پشت پر ہیں۔

پاک سعودی یکجہتی کونسل کے رہنما پروفیسر سجاد قمر نے کہا کہ پاکستان کے عوام، حکومت اور ریاست سعودی عرب کے ساتھ ہیں۔ سعودی عرب پر ہلکی سی آنچ بھی نہیں آنے دیں گے۔ پاکستان کے نوجوان سعودی افواج کے شانہ بشانہ لڑنے کے لیے تیار ہیں۔

اسلام آباد میں پاک سعودی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام کل جماعتی تحفظ حرمین شریفین کانفرنس میں سردار محمد یوسف، سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم، مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا فضل الرحمان خلیل، مولانا اورنگ زیب فاروقی، مولانا ابو تراب، پیر مظہر شاہ اور پروفیسر سجاد قمر شریک ہوئے۔