کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پُراسرار واقعات کے دوران خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق

مختلف مقامات پر کارروائیاں، پولیس نے شواہد اکٹھے کر لیے، تحقیقات جاری ہیں۔

September 21, 2026 · قومی
کراچی میں فائرنگ اور مختلف پُراسرار واقعات کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔

کراچی میں فائرنگ اور مختلف پُراسرار واقعات کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔

 

کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور دیگر پُراسرار حادثات کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس اور امدادی ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف حصوں میں پیش آنے والے ان پُراسرار اور پُرتشدد واقعات نے خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔

پولیس کے مطابق لسبیلہ فلمستان ٹاور کے قریب ایک گھر میں فائرنگ کے نتیجے میں 35 سالہ گل اندام جاں بحق ، 9 سالہ بچی نسرین زخمی ہو گئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت مقتولہ کا شوہر گھریلو سامان لینے کے لیے باہر گیا تھا کہ اسی دوران ایک نامعلوم شخص گھر میں گھس گیا اور اندھا دھند فائرنگ کر کے فرار ہو گیا۔ پولیس کے مطابق مقتولہ گزشتہ 6 ماہ سے کرائے کے مکان میں مقیم تھی اور وہ چند روز بعد اہل خانہ کے ہمراہ بیرون ملک روانہ ہونے والی تھی۔ جائے وقوعہ سے کرائم سین یونٹ نے شواہد اکٹھے کرتے ہوئے گولیوں کے 3 خول برآمد کیے ہیں۔ زخمی بچی کا ابتدائی بیان بھی قلم بند کر لیا گیا ہے جس کے مطابق ملزم ان کا پرانا محلے دار تھا۔

دوسری جانب اورنگی ٹاؤن سیکٹر 10 بسم اللہ کالونی میں فائرنگ کے ایک اور واقعے میں 18 سالہ زرقا جاں بحق ہو گئی۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ مقتولہ کو مبینہ طور پر اس کے بھائی نے غیرت کے نام پر قتل کیا ہے، جو واردات کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ دریں اثنا، سہراب گوٹھ کے لاسی گوٹھ میں گھر کے اندر فائرنگ سے 30 سالہ عبدالرزاق زخمی ہوا جبکہ تین ہٹی پل کے قریب فائرنگ کے واقعے میں 18 سالہ حمزہ زخمی ہو گیا۔ دونوں زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں، ہاکس بے کینپ پوائنٹ کے سمندر میں نہاتے ہوئے 23 سالہ اسد ڈوب کر جاں بحق ہو گیا، جس کی لاش ایدھی بحریہ خدمات نے نکاح کر ورثا کے حوالے کر دی۔ پولیس تمام واقعات کی مختلف زاویوں سے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔