پی ٹی آئی مارچ:پولیس نے ہماری ایک ہزار سے زائد گاڑیاں پکڑ رکھی ہیں،کرائے پر نہیں لیں،گڈز ٹرانسپورٹ

ڈرائیورز کو تحفظ، کھانے پینے اور واش روم کی سہولیات فراہم کرنے کا بھی مطالبہ

September 21, 2026 · امت خاص

فائل فوٹو

 

 صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن اویس چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں گڈز ٹرانسپورٹرز کی ایک ہزار سے زائد گاڑیاں گزشتہ دو ہفتوں سے پولیس کے قبضے میں ہیں اور انہیں کرائے پر حاصل کرنے کا تاثر درست نہیں۔

اویس چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ کنٹینرائزڈ کارگو، فلیٹ بیڈ، اوپن باڈی، دس ویلر اور مزدا سمیت مختلف گاڑیاں پکڑی گئی ہیں۔ بیشتر گاڑیاں لوڈ ہیں اور انہیں مختلف چوک چوراہوں میں کھڑا کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کو کرائے پر حاصل کرنے اور یومیہ 20 ہزار روپے دینے کا تاثر درست نہیں، جبکہ کسی ٹرانسپورٹر کو تاحال کوئی معاوضہ ادا نہیں کیا گیا۔

اویس چوہدری نے کہا کہ 2022ء میں بھی گاڑیاں پکڑی گئی تھیں، مگر ٹرانسپورٹرز کو معاوضہ نہیں ملا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ لوڈ گاڑیوں کو فی الفور ریلیز کیا جائے اور روکی گئی گاڑیوں کے جتنے دن بنتے ہیں، یومیہ 20 ہزار روپے معاوضہ ادا کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گاڑیوں کے ڈرائیورز کو تحفظ، کھانے پینے اور واش روم کی سہولیات فراہم کی جائیں۔

صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ کمرشل گاڑیوں کو احتجاج اور دھرنے روکنے کے لیے استعمال کرنا ناانصافی ہے۔ حکومت فوری طور پر گاڑیاں ریلیز کرے اور ٹرانسپورٹرز کو ریلیف فراہم کرے۔