پی ٹی آئی مارچ:اسلام آباد،راولپنڈی اور اٹک میں پولیس نفری 50 ہزار کردی گئی

اٹک میں30 ہزار اہلکار تعینات ہوں گے، اسلام آباد کے لیے اضافی نفری طلب کرلی گئی

September 23, 2026 · قومی

پی ٹی آئی مارچ کے پیش نظر اسلام آباد، راولپنڈی اور اٹک میں سیکیورٹی انتظامات سخت کردیئے گئے۔

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے 27 ستمبر کو اسلام آباد میں دھرنے اور لانگ مارچ کی کال کے پیش نظر پنجاب پولیس نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے بڑے پیمانے پر سیکیورٹی انتظامات شروع کردیے۔

پولیس ذرائع کے مطابق مختلف اضلاع اور پولیس یونٹس سے نفری کی اٹک، راولپنڈی اور اسلام آباد روانگی شروع ہوگئی ہے، تینوں شہروں میں پنجاب پولیس کی مجموعی نفری 46 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار کردی گئی ہے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ اٹک میں 8 ڈی آئی جیز اور 15 ایس ایس پیز سمیت تقریباً 30 ہزار افسران و اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے، جبکہ راولپنڈی میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے 6 ہزار اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ اسلام آباد پولیس کے حوالے سے 10 سے 12 ہزار پنجاب پولیس اہلکار فراہم کیے جائیں گے۔

پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ نفری کی نقل و حرکت کے لیے تقریباً 9 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔ نفری پنجاب کانسٹیبلری، ضلعی پولیس، پنجاب ہائی وے پٹرول، ایس پی یو اور ایلیٹ فورس سمیت مختلف یونٹس سے فراہم کی جائے گی۔ 11 ڈی آئی جیز، 24 ایس ایس پیز سمیت افسران کی بڑی تعداد بھی نفری کے ہمراہ سیکیورٹی ڈیوٹی پر موجود ہوگی۔

ذرائع نے کہا کہ متعلقہ ریجنز کو ایک لاکھ آنسو گیس شیلز اور 3 ہزار آنسو گیس پھینکنے والی گنز فراہم کردی گئی ہیں، جبکہ 10 بکتر بند گاڑیاں بھی متعلقہ ریجنز کو فراہم کی جارہی ہیں۔ مزید 20 ہزار آنسو گیس شیلز آئندہ دو روز میں متعلقہ ریجنز کو فراہم کیے جائیں گے۔

پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ اسلام آباد پولیس نے بھی 19 ہزار اہلکار، 15 ہزار آنسو گیس شیلز، 2 گنز اور ربڑ کی گولیاں فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے، تاہم اسلام آباد پولیس کو مطلوبہ سامان کی فراہمی کا فیصلہ حکومت کی جانب سے کیا جائے گا۔

پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ 27 ستمبر کی سیاسی جماعت کی کال کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دی جائے گی اور امن و امان کی صورتحال قابو میں رکھنے کے لیے متعلقہ مقامات پر نفری تعینات کی جائے گی۔

پی ٹی آئی کا لانگ مارچ روکنے کے لیے اسلام آباد پولیس کی تیاریاں

اسلام آباد پولیس نے بھی پی ٹی آئی کا لانگ مارچ روکنے کے لیے تیاریاں شروع کردی ہیں اور ضروری سازوسامان کی فہرست بھی تیار کرلی ہے۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ شہر کے انٹری پوائنٹس بند کرنے کے لیے 210 کنٹینرز درکار ہیں۔ اسلام آباد پولیس نے 2 لاکھ سے زائد ریت کی بوریاں بھی منگوا لی ہیں اور آنسو گیس کے ایک لاکھ 10 ہزار شیل کا انتظام بھی کرلیا ہے۔

اسلام آباد پولیس کے پاس آنسو گیس شیل فائر کرنے والی 1300 گنز موجود ہیں جبکہ مزید 500 کا آرڈر دے دیا گیا ہے۔ کنٹینرز لگانے اور ہٹانے کے لیے اسلام آباد پولیس کے پاس 22 کرینز بھی دستیاب ہیں۔

وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون اور ایکسٹینڈڈ ریڈ زون میں پہلے سے سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے اور ریڈ زون جانے والے 3 راستے سیل کردیے گئے ہیں۔

لانگ مارچ روکنے کے لیے تیاریوں سے متعلق بتایا گیا کہ دوسرے صوبوں سے پولیس کی نفری پہلے ہی اسلام آباد پہنچ چکی ہے۔