کراچی میں جائیداد کے تنازع پربڑے بھائی کے ہاتھوں چھوٹا بھائی قتل

جائیداد کے جھگڑےمیں تیز دھار آلے کے وار،پولیس نے ملزم گرفتار کرکےاسلحہ اور آلہ قتل برآمدکرلیا

September 24, 2026 · قومی

جائیداد کے تنازع پر بھائی کے ہاتھوں قتل ہونے والا 50 سالہ بنات خان، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

کراچی کے علاقے لانڈھی فیوچر کالونی میں جائیداد کے تنازع پر جھگڑے کے دوران بڑے بھائی نے تیز دھار آلے کے وار کرکے چھوٹے بھائی کو قتل کردیا، پولیس نے واردات میں ملوث ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے پستول اور آلہ قتل برآمد کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کی صبح شرافی گوٹھ تھانے کی حدود لانڈھی فیوچر کالونی کرسچن کمپاؤنڈ، گلی نمبر ایک میں تیز دھار آلے کے وار سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ مقتول کی لاش قانونی کارروائی کے لیے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی، جہاں اس کی شناخت 50 سالہ بنات خان ولد ولی باز خان کے نام سے ہوئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو بھی طلب کیا۔

ایس ایچ او شرافی گوٹھ شاہد تاج کے مطابق مقتول بنات خان کو اس کے بڑے بھائی وحید داد نے جائیداد کے تنازع پر جھگڑے کے دوران تیز دھار آلے کے وار کرکے قتل کیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر قتل میں ملوث ملزم وحید داد کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق دونوں بھائیوں کے درمیان کافی عرصے سے جائیداد کا تنازع چل رہا تھا۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ بھائیوں کے درمیان جھگڑے کے دوران فائرنگ بھی ہوئی اور پولیس کو جائے وقوع سے 5 خول ملے، جنہیں قبضے میں لے لیا گیا۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے فائرنگ میں استعمال ہونے والا پستول اور تیز دھار آلہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے، جبکہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔