لوڈشیڈنگ میں موبائل سروسز کی فراہمی کے لیے ٹاورزکی جانچ پڑتال شروع
متبادل نظام کا معائنہ، ٹیمیں فیلڈ میں متحرک، ہدایات جاری کر دی گئیں
پی ٹی اے کی جانب سے لوڈشیڈنگ کے دوران ٹیلی کام ٹاورز پر بجلی کے متبادل انتظامات کا معائنہ کیا جا رہا ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دوران موبائل فون سروسز کی مسلسل دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے ٹیلی کام ٹاورز پر بجلی کے متبادل انتظامات کی جانچ پڑتال کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد طویل بجلی کی بندش کے اوقات میں شہریوں کو بلا تعطل ٹیلی کام خدمات کی فراہمی کو ممکن بنانا ہے۔
دستاویزات اور جاری کردہ رپورٹس کے مطابق پی ٹی اے کے زونل دفاتر پر مشتمل خصوصی ٹیمیں کراچی، لاہور، راولپنڈی، کوئٹہ، ایبٹ آباد، پشاور، ملتان، فیصل آباد اور مظفرآباد سمیت مختلف شہروں کے شہری اور دیہی علاقوں میں فیلڈ وزٹس کر رہی ہیں۔ یہ ٹیمیں ٹاورز پر نصب بیٹریوں، جنریٹرز اور سولر سسٹمز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ بجلی معطل ہونے کی صورت میں یہ بیک اپ سسٹمز کتنی دیر تک موثر انداز میں کام کرتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق مقامی نمائندے اور ان کے نامزد کردہ افراد بھی ان معائنہ ٹیموں کے ہمراہ موجود ہیں جو ایسے مقامات کی نشاندہی کر رہے ہیں جہاں بجلی بند ہونے کے بعد موبائل سگنلز انتہائی کمزور ہو جاتے ہیں یا سروس مکمل طور پر معطل ہو جاتی ہے۔ ان نشاندہی کردہ پوائنٹس کی بنیاد پر بہتری کے لیے فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن نے تمام زونل دفاتر کو واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ٹیلی کام ٹاورز کے اس جائزے کا عمل باقاعدگی سے جاری رکھیں تاکہ صارفین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرناپڑے۔ پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ صارفین کو معیاری اور بلاتعطل ٹیلی کام خدمات کی فراہمی کے لیے متبادل بجلی کے نظام کی کڑی نگرانی کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔