راولپنڈی میں 5 مرلہ سے چھوٹے مکانات کو لاکھوں کے پراپرٹی ٹیکس نوٹس جاری

مہنگے علاقوں سے ٹیکس وصولی میں کمی پر اقدام، شہریوں میں تشویش، جھگڑوں کا خدشہ

September 29, 2026 · امت خاص
راولپنڈی میں 5 مرلہ سے چھوٹے مکانات کو لاکھوں کے پراپرٹی ٹیکس نوٹس جاری

راولپنڈی میں 5 مرلہ سے چھوٹے مکانات کو لاکھوں کے پراپرٹی ٹیکس نوٹس جاری

پوش علاقوں، بڑی ہاؤسنگ سوسائٹیز اور تجارتی مراکز سے جائیداد ٹیکس وصول کرنے میں ناکامی کے بعد ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نے اب چھوٹے مکانات کو ڈیرھ لاکھ سے دو لاکھ روپے تک کے بھاری جائیداد ٹیکس کے بل ارسال کرنا شروع کر دیے ہیں۔

دستاویز کے مطابق 25 سال قبل پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں 5 مرلے تک کے نجی مکانات کو جائیداد ٹیکس سے استثنیٰ دیا تھا، تاہم اب 2، اڑائیس اور 3 مرلے کے مکانات کو دوبارہ ٹیکس نیٹ میں لایا جا رہا ہے۔ محکمہ کی جانب سے عدم ادائیگی پر مکانات کو سیل کرنے اور مالکان کو گرفتار کرنے کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ 2 سال سے راولپنڈی ڈویژن میں بڑے شاپنگ مالز، پلازوں، بڑے گھروں اور بڑی ہاؤسنگ سوسائٹیز سے ٹیکس وصولی میں مسلسل 50 فیصد خسارے کا سامنا ہے۔ اس مالی خسارے کو پورا کرنے کے لیے محکمے نے چھوٹے اور بڑے مکانات کو بھاری ٹیکس بل جاری کیے ہیں۔ بعض مقامات پر غریب شہریوں سے گھریلو سامان فروخت کر کے ٹیکس وصول کیے جانے کی اطلاعات بھی ملی ہیں جس سے محکمہ جاتی عملے اور شہریوں کے درمیان تنازعات پیدا ہو رہے ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔