حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کردی

عوام کو پھر معمولی ریلیف، اوگرا نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا، نئی قیمتوں کا اطلاق 30 ستمبر کو ہوگا

September 29, 2026 · کامرس
حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کردی

حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کردی

حکومت نے مہنگائی کے مارے عوام کو کچھ ریلیف دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اور پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی گئی ہے۔

دستاویز کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے 49 پیسے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 387 روپے 54 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 73 پیسے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 402 روپے 24 پیسے فی لیٹر ہو گی۔

اوگرا حکام کا کہنا ہے کہ ان نئی قیمتوں کا اطلاق 30 ستمبر کے لیے ہوگا اور تمام متعلقہ پٹرول پمپس اور اداروں کو اس حوالے سے سخت ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ وزارت توانائی اور پیٹرولیم ڈویژن کی طرف سے واضح کیا گیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں ہونے والی تبدیلیوں، مصنوعات کے نرخوں اور پریمیم کے تخمینے کے بعد پٹرولیم قیمتوں کے موجودہ میکنزم کے تحت یہ ردوبدل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی تھی جس کے تحت پیٹرول 2 روپے 27 پیسے اور ڈیزل 3 روپے 56 پیسے سستا کیا گیا تھا، تاہم تازہ ترین نوٹیفکیشن کے بعد عوام کو مزید ریلیف مل گیا ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ عالمی منڈی میں قیمتوں کے رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ اقدام ملکی معیشت اور عام صارفین کے لیے خوش آئند ہے۔