نورستان لڑائی کا الزام بے بنیاد، افغان طالبان کے دعوے سفید جھوٹ ہیں، وزارت اطلاعات

سخت ردعمل، اندرونی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش، دہشتگردی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

October 1, 2026 · اہم خبریں
وزارت اطلاعات کا افغان طالبان کے بے بنیاد الزامات پر سخت ردعمل کا اظہار

وزارت اطلاعات کا افغان طالبان کے بے بنیاد الزامات پر سخت ردعمل کا اظہار

وزارتِ اطلاعات و نشریات نے نورستان میں لڑائی کا الزام پاکستان پر عائد کرنے کے افغان طالبان کے دعوے کو سرے سے مسترد کرتے ہوئے اسے ایک سفید جھوٹ قرار دیا ہے۔ ترجمان وزارتِ اطلاعات کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کے نام نہاد وزیر برائے سرحدی امور اور دیگر ترجمانوں کی جانب سے نورستان کے واقعات کو پاکستان سے منسوب کرنے کے بیانات محض خود ساختہ بیانیہ ہیں، جن کا مقصد دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والی حکومت کو درپیش سنگین اندرونی مسائل، جبر، اختلافات اور عدم استحکام سے توجہ ہٹانا ہے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق افغان طالبان کی موجودہ حکومت غیر نمائندہ ہے جو افغان عوام پر بزورِ طاقت مسلط کی گئی ہے، اور افغان رجیم کے مضحکہ خیز بیانات ان کی اپنی اندرونی ناکامیوں اور مایوسی کی غمازی کرتے ہیں۔ وزارتِ اطلاعات کا کہنا ہے کہ چند افغان رہنما مبینہ طور پر پیسوں کی خاطر ہندوتوا کے ناپاک عزائم کی پراکسی کا کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ دہشت گردوں کی سرپرستی اور سہولت کاری ایک غیر اسلامی عمل ہے۔ خطے کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی یہ پالیسی طالبان رجیم کو خود تباہی کی طرف لے جا رہی ہے اور ان کا کرائے کے ایجنٹوں والا طرزِ عمل افغانستان کو تباہی کے راستے پر گامزن کر رہا ہے۔

دریں اثنا، وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی کی ہر کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے اور صرف امن ہی ترقی کا واحد راستہ ہے، تاہم پاکستان کی امن کی خواہش کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانے موجود ہیں اور افغان عبوری حکومت کو اس دہشت گردانہ مائنڈ سیٹ سے باہر نکلنا ہوگا۔