مکہ دفاعی معاہدہ خطے میں سلامتی کا ضامن ہے، سعودی ولی عہد

اہم پیش رفت، کابینہ کا اجلاس، آبنائے ہرمز کی صورتحال پر تشویش کا اظہار۔

October 1, 2026 · اہم خبریں
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کابینہ کے اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کابینہ کے اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں۔

ریاض میں سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران مکہ دفاعی معاہدے کے سیکرٹریٹ کے قیام میں ہونے والی پیشرفت کا بالخصوص جائزہ لیا گیا۔

سرکاری میڈیا کے مطابق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی ولی عہد نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ملکی سلامتی کے تحفظ پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مکہ دفاعی معاہدہ عرب خطے میں سلامتی اور استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ولی عہد نے مزید کہا کہ خلیجی ممالک پر ہونے والے حملے اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ اس خطے کی سلامتی سب کے لیے ایک مشترکہ ذمہ داری ہے۔

کابینہ کے اجلاس میں آبنائے ہرمز، باب المندب، بحیرہ احمر اور خلیج عدن میں بحری آمدورفت اور جہازرانی کی آزادی کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ اجلاس میں دوٹوک موقف اختیار کیا گیا کہ آبنائے ہرمز میں کسی بھی قسم کی فیس یا پابندیاں عائد کرنے کی سختی سے مخالفت کی جاتی ہے اور اہم بحری راستوں کو دباؤ کے لیے استعمال کرنے کے اقدام کو یکسر مسترد کیا جاتا ہے۔ کابینہ نے مطالبہ کیا کہ آبنائے ہرمز کے حالات کو 28 فروری سے قبل کی سطح پر بحال کیا جائے۔

سرکاری دستاویزات اور اطلاعات کے مطابق اجلاس کے دوران سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان خصوصی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا شرائط سے استثنیٰ دینے کی منظوری دی گئی، جبکہ سعودی عرب اور شام کے مابین انسدادِ بدعنوانی کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت پر بھی اتفاق کیا گیا۔ کابینہ نے اسرائیلی آبادکاروں کی جانب سے مسجد اقصیٰ کی حرمت کی خلافورزیوں اور توسیع پسندانہ کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ خطے میں منصفانہ اور دیرپا امن صرف دو ریاستی حل پر عملدرآمد سے ہی ممکن ہے۔

ولی عہد محمد بن سلمان نے اجلاس کے شرکا کو روسی صدر کے ساتھ ہونے والے ٹیلیفونک رابطے، امیر قطر اور سوڈان کونسل کے سربراہ سے گفتگو جبکہ اماراتی نائب صدر کے ساتھ ہونے والی ملاقات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔