حج 2027 کے لیے جامع پیکیج متعارف، عازمین کو معیاری سہولیات کی فراہمی کی ہدایت
سعودی وزارت کا نیا اقدام، تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، سعودی ٹائم لائنز کے مطابق تیاریوں کا آغاز
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف حج انتظامات کے سلسلے میں ایک اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے عازمین حج کو بہترین اور معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔ وزارت مذہبی امور کے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ بات انہوں نے ایک اہم اجلاس کے دوران کہی۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری ابرار احمد مرزا، ایڈیشنل سیکرٹری اور حج ونگ کے دیگر افسران نے شرکت کی، جبکہ سعودی عرب سے ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو، ڈائریکٹر حج مکہ عارف اسلم راؤ اور دیگر متعلقہ حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران سعودی ٹائم لائنز کے مطابق تمام امور اور سہولیات کو بروقت مکمل کرنے پر زور دیا گیا۔
دریں اثنا، سعودی وزارت حج و عمرہ نے حج 2027 سیزن کے دوران بیرون ملک سے آنے والے عازمین کے لیے ایک نیا اور جامع پیکیج متعارف کرا دیا ہے۔ سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کی رپورٹ کے مطابق، یہ پیکیج الیکٹرانک پاتھ پلیٹ فارم پر ایک ہی ایگریمنٹ کے ذریعے سعودی عرب آمد سے لے کر روانگی تک تمام بنیادی خدمات کا احاطہ کرتا ہے۔ اس جامع پیکیج میں بنیادی سروسز، مقدس مقامات کی خدمات، مکہ اور مدینہ میں مہمان نوازی کی سہولتیں، ٹرانسپورٹیشن اور کیٹرنگ شامل ہیں، جبکہ اس کے ساتھ اختیاری اضافی خدمات بھی دستیاب ہوں گی۔
رپورٹ کے مطابق اس جامع پیکیج کی بدولت غیر ملکی حج امور کے دفاتر اور ایجنسیاں مختلف عازمین کے گروپس کے لیے ان کی مخصوص ضروریات کے مطابق واضح اور لچکدار ایگریمنٹ فریم ورک کے تحت موزوں پروگرام ترتیب دینے کے قابل ہو جائیں گی۔ وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ اس پیکیج کا اجرا حج کے لیے ابتدائی تیاریوں کے سلسلے کا حصہ ہے، جو سعودی وژن 2030 اور پیلگرم ایکسپیریئنس پروگرام کے بنیادی مقاصد سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہے۔ ان تمام اقدامات کا بنیادی مقصد عازمین حج کو زیادہ سے زیادہ آسانی اور قلبی اطمینان کے ساتھ مناسک حج ادا کرنے کے قابل بنانا اور ان کے روحانی تجربے کو مزید بہتر بنانا ہے۔