میسی ارجنٹائن کے آخری میچ سے قبل اعزازی ڈاکٹر بن جائیں گے
خصوصی الوداعی میچ میں ارجنٹائن کا مقابلہ بینن سے ہوگا اور میسی کی جانب سے 208ویں اور آخری بین الاقوامی میچ کھیلے جانے کی توقع ہے۔
میسی ارجنٹائن کے آخری میچ سے قبل اعزازی ڈاکٹر بن جائیں گے
ارجنٹائن کے معروف فٹبالر لیونل میسی کے کیریئر میں ایک اور اعزاز کا اضافہ ہونے جا رہا ہے، یونیورسٹی آف بیونس آئرس نے انہیں اعزازی ڈاکٹریٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
یونیورسٹی کی جانب سے دی جانے والی ڈاکٹر ہونوریس کاؤسا کی ڈگری ادارے کا اعلیٰ ترین اعزاز قرار دی جاتی ہے۔ یونیورسٹی کی سپیریئر کونسل نے متفقہ طور پر میسی کو یہ اعزاز دینے کی منظوری دی۔
یونیورسٹی کے مطابق میسی کی غیر معمولی صلاحیتوں، مسلسل محنت، عاجزی اور ارجنٹائن کی نمائندگی کے لیے ان کے عزم کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں اعزازی ڈاکٹریٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
میسی 6 اکتوبر کو یونیورسٹی سے اعزازی ڈاکٹریٹ وصول کریں گے۔ اسی روز چند گھنٹے بعد وہ ارجنٹائن کی قومی ٹیم کی جانب سے اپنا آخری میچ کھیلنے کے لیے مونومینٹل اسٹیڈیم میں میدان میں اتریں گے۔
خصوصی الوداعی میچ میں ارجنٹائن کا مقابلہ بینن سے ہوگا اور میسی کی جانب سے 208ویں اور آخری بین الاقوامی میچ کھیلے جانے کی توقع ہے۔
لیونل میسی ارجنٹائن کے ساتھ 2022 کا فیفا ورلڈ کپ، 2021 اور 2024 کے کوپا امریکا ٹائٹلز کے علاوہ 2022 فائنالسّیما بھی جیت چکے ہیں۔
یونیورسٹی آف بیونس آئرس کا کہنا ہے کہ میسی کی اہمیت صرف فٹبال کی کامیابیوں تک محدود نہیں بلکہ وہ ارجنٹائن کی ثقافت اور قومی شناخت کی بھی نمایاں نمائندگی کرتے ہیں۔