نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کا نام بدل کر سائبر پولیس رکھنے کی تجویز
اہم انتظامی تبدیلی، ہر ضلع میں پولیس اسٹیشن بنے گا، حتمی منظوری وزارت داخلہ دے گی
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کا نام تبدیل کرکے سائبر پولیس رکھنے کی تجویز پیش کردی گئی ہے۔
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ملک میں سائبر جرائم کے بڑھتے ہوئے رجحان سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے انتظامی ڈھانچے میں بڑی تبدیلی کی تیاری کرلی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایجنسی کا نام تبدیل کرکے سائبر پولیس رکھنے اور ملک بھر کے ہر ضلع میں سائبر پولیس اسٹیشن قائم کرنے کی اہم تجویز سامنے آئی ہے۔
دستاویزات کے مطابق موجودہ عمارتوں کو باضابطہ طور پر سائبر پولیس اسٹیشنز میں تبدیل کیا جائے گا جبکہ سائبر جرائم سے نمٹنے کے لیے پولیس اور سائبر پولیس کا ایک مشترکہ نظام متعارف کرانے کی بھی تجاویز دی گئی ہیں۔ ہر ضلع میں قائم ہونے والے سائبر پولیس اسٹیشن میں ڈپٹی ڈائریکٹر کی بجائے ایس ایچ او تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترتیب دیے گئے نئے انتظامی نقشے کے تحت بڑے اضلاع میں ایس پی اور ڈی ایس پی رینک کے افسران تعینات ہوں گے جبکہ چھوٹے اضلاع میں ڈی ایس پی رینک کا افسر سائبر پولیس اسٹیشن کی نگرانی کے فرائض سر انجام دے گا۔ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) این سی سی آئی اے کی جانب سے یہ تمام تجاویز منظوری کے لیے وزارت داخلہ کو بھجوادی گئی ہیں۔ اس حوالے سے حتمی منظوری اور نفاذ کا باضابطہ اعلامیہ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کیا جائے گا۔