خانہ کعبہ میں خودکش حملے کی افواہیں، سعودی عرب نے تردید کردی
مشتبہ شخص گرفتار، عوام میں خوف پھیلانے پر کارروائی ہوگی، سعودی عرب
خانہ کعبہ کے قریب ایک شخص کی گرفتاری کے مناظر جن کے ساتھ افواہیں پھیلی
سعودی عرب کے حکام نے مسجد الحرام میں خودکش بمبار کی موجودگی سے متعلق سوشل میڈیا پر زیر گردش تمام خبروں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔
حکام کے جاری کردہ بیان کے مطابق، سیکیورٹی اداروں نے مکہ مکرمہ میں راہگیروں کو ہراساں کرنے اور خوف و ہراس پھیلانے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کیا ہے جس سے فوری طور پر آہنی ہاتھوں سے نمٹا گیا۔
سرکاری بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر اس واقعے کے حوالے سے پھیلائے جانے والے دعوے سراسر جھوٹ ہیں اور ان میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سوشل میڈیا پر یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ ایک مبینہ خودکش حملہ آور، جس نے دھماکہ خیز ویسٹ پہن رکھی تھی، خانہ کعبہ کے قریب پہنچ گیا تھا جسے سیکیورٹی اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حراست میں لے لیا۔ تاہم، سعودی حکام نے ان تمام دعووں کو غلط قرار دیا ہے اور واقعے کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔