حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات آج، مشترکہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی
وفد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ، امیر مقام جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے شیری رحمان، سید نوید قمر اور اعجاز جاکھرانی شامل ہیں۔
حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات آج، مشترکہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی
اسلام آباد:حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان موجودہ سیاسی صورتحال پر بات چیت کے لیے مذاکرات آج ہوں گے۔ حکومت اور پیپلز پارٹی پر مشتمل مشترکہ وفد پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کرے گا۔
حکومتی و اتحادی وفد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ، امیر مقام جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے شیری رحمان، سید نوید قمر اور اعجاز جاکھرانی شامل ہیں۔
مذاکرات کا فیصلہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی ایوان صدر میں ملاقات کے دوران کیا گیا۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی و سیکیورٹی صورتحال، بالخصوص خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایوان صدر کے مطابق ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف قومی عزم مزید مضبوط بنانے اور ملک میں امن و استحکام کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے تصدیق کی ہے کہ حکومت کی جانب سے ملاقات کا پیغام موصول ہوا، جسے اپوزیشن اجلاس کے فیصلے کی روشنی میں قبول کرلیا گیا ہے۔ ان کے مطابق حکومتی اور اپوزیشن وفود کے درمیان ملاقات آج دن 12 بجے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے دفتر میں ہوگی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی مذاکرات کے لیے تیار ہے اور امید ہے کہ گورنر راج یا ایمرجنسی کا نفاذ نہیں ہوگا۔ ان کے مطابق ایسا کوئی اقدام ہوا تو سیاسی صورتحال مزید پیچیدہ ہوسکتی ہے۔
حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب خیبر پختونخوا کی صورتحال اور پی ٹی آئی کے 4 اکتوبر کے لانگ مارچ سے متعلق سیاسی کشیدگی برقرار ہے۔ دونوں جانب سے مذاکرات کے ذریعے سیاسی معاملات حل کرنے کے مؤقف کا اظہار کیا گیا ہے