حکومت اور اپوزیشن مذاکرات، پہلا دور بے نتیجہ، کل دوبارہ بات چیت ہوگی
گفتگو کے دوران ماحول میں کشیدگی پیدا ہونے پر اسپیکر ایاز صادق نے فریقین کو تحمل اور افہام و تفہیم کے ساتھ بات آگے بڑھانے کی تلقین کی۔
حکومت اور اپوزیشن مذاکرات، پہلا دور بے نتیجہ، کل دوبارہ بات چیت ہوگی
اسلام آباد: حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی معاملات کے حل کے لیے ہونے والے مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہوگیا، تاہم فریقین کسی حتمی نتیجے تک نہیں پہنچ سکے۔ دونوں جانب سے کل دوبارہ مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
مذاکرات قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق کے چیمبر میں ہوئے، جہاں حکومت اور اپوزیشن کے نمائندوں نے سیاسی صورتحال، سیکیورٹی معاملات اور باہمی اختلافات پر تبادلہ خیال کیا۔
اپوزیشن وفد میں علامہ راجہ ناصر عباس، بیرسٹر گوہر علی خان، اسد قیصر، عامر ڈوگر اور سلمان اکرم راجہ شریک ہوئے، جبکہ حکومتی وفد میں محسن نقوی، شیری رحمٰن، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، طلال چوہدری، اعجاز جاکھرانی، نوید قمر، رانا ثناء اللہ اور امیر مقام شامل تھے۔
مذاکرات سے قبل اور دوران مختلف رہنماؤں نے بات چیت کے ذریعے معاملات آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ مذاکرات کا آغاز ہی ہوا ہے اور دونوں فریق کسی نتیجے تک پہنچنے کی کوشش کریں گے۔
اپوزیشن رہنماؤں نے مذاکرات میں عمران خان سے ملاقات اور مشاورت کا معاملہ بھی اٹھایا۔ سلمان اکرم راجہ اور اسد قیصر کے مطابق پی ٹی آئی قیادت مذاکرات کو آگے بڑھانے سے قبل اپنے بانی سے ملاقات اور مشاورت چاہتی ہے، جبکہ علامہ راجہ ناصر عباس نے بھی عمران خان سے ملاقات کو سیاسی معاملات میں پیش رفت کے لیے اہم قرار دیا۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات کے دوران بعض معاملات پر حکومتی اور اپوزیشن ارکان کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ حکومتی وفد نے اسلام آباد میں احتجاج اور لانگ مارچ کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا، جبکہ اپوزیشن ارکان نے عدالتی معاملات اور عمران خان سے ملاقاتوں سے متعلق اپنے مؤقف کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق گفتگو کے دوران ماحول میں کشیدگی پیدا ہونے پر اسپیکر ایاز صادق نے فریقین کو تحمل اور افہام و تفہیم کے ساتھ بات آگے بڑھانے کی تلقین کی۔
پہلے دور کے اختتام پر کسی حتمی معاہدے یا فیصلے کا اعلان نہیں کیا گیا۔ دونوں فریقین نے بات چیت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے اور مذاکرات کا دوسرا دور کل منعقد ہونے کا امکان ہے۔