ایشین گیمز،جنسی ہراسانی کی شکایت، بھارتی امپائر واپس بھیج دیا گیا

گرندر سنگھ سنگھا پر ملائیشیا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون ہاکی عہدیدار اور ہوٹل کی ایک ملازمہ کے ساتھ نامناسب رویے کے الزامات سامنے آئے

October 3, 2026 · اسپورٹس
ایشین گیمز،جنسی ہراسانی کی شکایت، بھارتی امپائر واپس بھیج دیا گیا

ایشین گیمز،جنسی ہراسانی کی شکایت، بھارتی امپائر واپس بھیج دیا گیا

بھارتی ہاکی امپائر اور ٹیکنیکل عہدیدار گرندر سنگھ سنگھا کو ایشین گیمز کے دوران مبینہ جنسی ہراسانی کی شکایات سامنے آنے کے بعد جاپان سے واپس بھارت بھیج دیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ناگویا میں قیام کے دوران گرندر سنگھ سنگھا پر ملائیشیا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون ہاکی عہدیدار اور ہوٹل کی ایک ملازمہ کے ساتھ نامناسب رویے کے الزامات سامنے آئے۔

ہاکی انڈیا کے ایک عہدیدار نے بھی تصدیق کی ہے کہ ملائیشیا کی خاتون عہدیدار کی جانب سے جنسی ہراسانی کی شکایت درج کرانے کے بعد گرندر سنگھ سنگھا کو دو روز قبل بھارت واپس بھیجا گیا۔

عہدیدار کے مطابق ایشین ہاکی فیڈریشن سے تفصیلی رپورٹ موصول ہونے کے بعد معاملے میں آئندہ کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر تحقیقات میں الزامات درست ثابت ہوئے تو متعلقہ امپائر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ایشین گیمز میں ہاکی کے مقابلوں کے لیے امپائرز اور ٹیکنیکل عہدیداروں کی تعیناتی ایشین ہاکی فیڈریشن کرتی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گرندر سنگھ سنگھا کے خلاف اس نوعیت کی شکایت پہلے بھی سامنے آچکی ہے۔ 2025 میں رانچی میں ہاکی انڈیا لیگ کے دوران ایک خاتون امپائر نے ان کے خلاف شکایت درج کرائی تھی۔ بعد ازاں ہاکی انڈیا نے معاملے کی تحقیقات کے لیے تین رکنی کمیٹی قائم کی، تاہم تحقیقات کے دوران کمیٹی کو ان کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ملا تھا۔