حکومت اور اپوزیشن مذاکرات کا دوسرا دور،اراکین پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے
مذاکرات کی میزبانی اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کریں گے آج
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ہونے والے مذاکرات کی میزبانی اور صدارت کریں گے۔ فوٹو فائل
اسلام آباد: حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور کچھ دیر میں شروع ہوگا، جس کے لیے حکومتی اور اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ہونے والے مذاکرات کی میزبانی اور صدارت کریں گے۔ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور اپوزیشن کے وفود مذاکرات میں حصہ لیں گے۔
مذاکرات میں شرکت کے لیے وفاقی وزیر امیر مقام، سینیٹر شیری رحمان، رانا ثنا اللہ، نوید قمر اور اعجاز جکھرانی بھی پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے ہیں۔ پی ٹی آئی کے سلمان اکرم راجا اور عامر ڈوگر بھی پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے ہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ ملک میں انصاف اور آئین کو بحال کرو، بانی پی ٹی آئی کی صحت پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو سکتا، بانی پی ٹی آئی کو علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے۔
وفاقی وزیر امیر مقام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم خلوص نیت سے مذاکرات کر رہے ہیں، دیکھتے ہیں کیا نتیجہ نکلتا ہے۔
سینیٹر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ جمہوری انداز میں معاملے کا حل نکلے، امید پر دنیا قائم ہے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے مذاکرات کی تجویز پیش کی اور پھر یہ سلسلہ شروع ہوا۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر دیے گئے بیانات پر فی الحال کوئی ردعمل نہیں دے سکتی۔ مذاکرات کی میز پر اسپیس کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ معاملات کو زیر غور لایا جائے، اپنی پارٹی پوزیشن پر ہر کوئی بات کرسکتا ہے مگر مذاکرات سے متعلق کوئی بات نہیں کرسکتا۔