رونالڈو کے پرتگال ٹیم سے الگ ہوتے ہی انسٹاگرام فالوورز میں بڑی کمی
پرتگال کی ٹیم کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد تقریباً 25 ملین تھی، جس میں راتوں رات تقریباً 20 لاکھ کی کمی ہوئی
رونالڈو کے پرتگال ٹیم سے الگ ہوتے ہی انسٹاگرام فالوورز میں بڑی کمی
فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کے ہیڈ کوچ جورج جیسس کے ساتھ مبینہ اختلافات کے بعد پرتگال کی قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ سے الگ ہونے کی خبر سامنے آنے پر ٹیم کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کو مداحوں کے ردعمل کا سامنا کرنا پڑا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق رونالڈو نے رات گئے پرتگال کے تربیتی کیمپ سے علیحدگی اختیار کی، جس کے چند گھنٹے بعد قومی ٹیم کی جانب سے جرسی نمبر 7 ایک دوسرے کھلاڑی کو دے دیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق رونالڈو کے مداحوں کی جانب سے اس فیصلے پر شدید ردعمل سامنے آیا اور بڑی تعداد میں لوگوں نے پرتگال کی قومی ٹیم کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کو ان فالو کرنا شروع کردیا۔
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پرتگال کی ٹیم کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد تقریباً 25 ملین تھی، جس میں راتوں رات تقریباً 20 لاکھ کی کمی ہوئی اور تعداد 23 ملین کے قریب رہ گئی۔
دوسری جانب جرسی نمبر 7 حاصل کرنے والے کھلاڑی نے مبینہ طور پر کہا کہ وہ یہ نمبر لینے کے حق میں نہیں تھا۔ اس کے مطابق اس نے کوچنگ اسٹاف سے کہا تھا کہ رونالڈو کی عزت کی جانی چاہیے اور ان کی روانگی کے فوراً بعد ان کا نمبر کسی اور کھلاڑی کو دینا مناسب نہیں۔
رپورٹ کے مطابق کھلاڑی کا کہنا تھا کہ کوچنگ اسٹاف کے اصرار کے بعد اسے جرسی نمبر 7 قبول کرنا پڑا۔
رونالڈو کے ٹیم سے الگ ہونے اور جرسی نمبر 7 کی تبدیلی کے معاملے پر پرتگالی ٹیم کے مداحوں کی جانب سے ردعمل کا سلسلہ جاری ہے۔