خیبرپختونخوا میں امن کے قیام کے لیے اسپیکر کے پی اسمبلی کا وزیراعظم کو خط

اہم پیش رفت، اعلامیے پر عمل درآمد کی درخواست، وفاقی تعاون کی یقین دہانی۔

October 5, 2026 · اہم خبریں
اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی

اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی

اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے دہشت گردی، امن و امان اور صوبے میں دیرپا امن کے قیام کے حوالے سے خیبرپختونخوا اسمبلی کے امن جرگہ 2025 کے مشترکہ اعلامیے پر عمل درآمد کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کو باضابطہ خط ارسال کر دیا ہے۔

اسپیکر کی جانب سے ارسال کردہ خط میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں امن و امان کی ابتر صورتحال اور دہشت گردی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا عمل شروع کیا گیا تھا۔ اسی سلسلے میں 12 نومبر 2025 کو امن جرگہ منعقد کیا گیا، جس میں 30 سے زائد سیاسی جماعتوں کے قائدین، منتخب نمائندگان اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔ تفصیلی غور و خوض کے بعد خیبرپختونخوا کے عوام کے اجتماعی خدشات اور امن و سلامتی سے متعلق متفقہ مشترکہ اعلامیہ مرتب کیا گیا، جسے وزیراعظم کے دفتر کو بھیجا جا چکا ہے۔

خط کے متن کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے سکیورٹی نے صوبائی حکومت کے متعلقہ محکموں اور اداروں سے سکیورٹی صورتحال اور درپیش خطرات پر تفصیلی بریفنگز حاصل کی ہیں۔ اسپیکر نے واضح کیا کہ کمیٹی کا مقصد سکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں میں مداخلت کرنا نہیں بلکہ منتخب نمائندگان کو اہم معاملات سے باخبر رکھنا تھا۔ خصوصی کمیٹی ان بریفنگز کی روشنی میں ایک جامع رپورٹ تیار کر رہی ہے، جسے نیشنل ایکشن پلان میں مؤثر انسدادِ دہشت گردی اقدامات کے لیے شامل کیا جائے گا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر امیر مقام نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بدعنوانی عروج پر ہے اور وزیراعلیٰ اپنی ذمہ داریاں نبھانے کے بجائے دھرنوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردی کے معاملے پر تمام فریقین کو ایک پیج پر ہونا چاہیے کیونکہ صوبے کے حالات کشیدہ ہیں اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔