لندن سے شکاگو جانے والی پرواز میں سنگین فنی خرابی، طیارہ 6 منٹ میں 28 ہزار فٹ نیچے آ گیا
ہیتھرو ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ، پائلٹس نے فوری یوٹرن لے لیا، تمام مسافر محفوظ رہے۔
لندن سے شکاگو جانے والی پرواز کی ہنگامی لینڈنگ کے بعد ہیتھرو ائیرپورٹ کا منظر۔
لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے شکاگو کے لیے روانہ ہونے والی مسافر پرواز بی اے 295 کو دورانِ پرواز سنگین فنی خرابی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد طیارے نے روانگی کے پونے 5 گھنٹے بعد واپس ہیتھرو ائیرپورٹ پر باحفاظت ہنگامی لینڈنگ کی۔
ابتدائی میڈیا رپورٹس اور فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق بوئنگ 777 طیارہ روانگی کے 55 منٹ بعد آئرلینڈ کی فضائی حدود میں 37 ہزار فٹ کی نارمل بلندی پر محوِ پرواز تھا کہ اندرونی دباؤ یا شدید تکنیکی خرابی کے باعث اچانک تیزی سے نیچے آنا شروع ہو گیا۔ طیارے نے محض 6 منٹوں میں تقریباً 28 ہزار فٹ کی بلندی کم کی اور گر کر 9 ہزار فٹ کی بلندی پر آ گیا۔
ہنگامی صورت حال کے پیشِ نظر پائلٹس نے فوری طور پر ایمرجنسی کوڈ 7700 جاری کیا اور شکاگو کا سفر منسوخ کر کے واپسی کے لیے یوٹرن لے لیا۔ پرواز کے دوران کیبن پریشر میں غیرمعمولی کمی واقع ہوئی، جس پر حفاظتی اقدامات کے تحت مسافروں کو آکسیجن ماسک فراہم کیے گئے۔
حفاظتی پروٹوکولز کے تحت پائلٹس کو اضافی فیول ضائع کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں، جس پر طیارے نے تقریباً ڈھائی گھنٹے تک لندن کے قریب سمندر کے اوپر چکر لگائے اور اس دوران طیارہ مسلسل 9 ہزار فٹ کی بلندی سے اوپر نہیں جا سکا۔ بعد ازاں پرواز نے لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر باحفاظت ایمرجنسی لینڈنگ کی۔
ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق لینڈنگ کے فوری بعد تمام مسافروں کو طیارے سے آف لوڈ کر دیا گیا ہے جبکہ تکنیکی ٹیموں کی جانب سے طیارے کا تفصیلی معائنہ کیا جا رہا ہے۔ واقعے میں کسی بھی مسافر کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔